برونڈی ، ایک کلاس روم میں آسمانی بجلی گرنے سے 7طلباء ہلاک،51زخمی

پیر 27 جنوری 2014 08:23

بوجمبورا(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27جنوری۔2014ء)برونڈی میں ایک کلاس روم میں آسمانی بجلی گرنے سے ہائی سکول کے 7طلباء ہلاک اور51دیگر زخمی ہوگئے۔واقعہ اس وقت پیش آیا جب طلبہ خوفناک طوفان سے بچنے کیلئے کلاس روم میں پناہ لئے ہوئے تھے،یہ بات حکام نے گزشتہ روز کہی۔دارالحکومت بوجمبورا سے 150کلومیٹر(90میل) جنوب میں واقع نایانزا لیک علاقے میں ایک مقامی حکومتی اہلکار پروڈینسی کابورا نے طوفان کے حوالے سے بتایا کہ یہ انتہائی تباہ کن طوفان تھا جو نہ صرف ہمارے قصبے بلکہ ملک کے دیگر علاقوں میں بھی آیا،جب ملک میں خشک موسم ہونا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ شدید بارشوں کے باعث 500کے قریب مکانات بھی تباہ ہوگئے۔حادثہ کے بعد حالیہ دنوں میں آسمانی بجلی گرنے کے سلسلہ وار جان لیوا واقعات پیش آچکے ہیں۔مشرقی برونڈی میں ایک مقامی اہلکار ایگائیڈ ندیکوریو نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے آسمانی بجلی گرنے سے 4افراد اس وقت ہلاک اور9زخمی ہوگئے تھے جب انہوں نے ایک چھوٹے چرچ میں پناہ لے رکھی تھی،اس کے اگلے روز گائیں کے ایک ریوڑ کی دیکھ بھال کیلئے مامور دو افراد بھی آسمانی بجلی گرنے سے ہلاک ہوگئے تھے جبکہ شدید بارشوں کے باعث مکانات اور فصلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ یہ غیر موسمی نوعیت کے طوفان ہیں۔

متعلقہ عنوان :