سکیورٹی خدشات کے باعث پشاور میں انسداد پولیو مہم ملتوی،پولیو مہم کی سکیورٹی پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا‘ مہم آئندہ اتوار سے شروع ہوگی‘ ضلعی انتظامیہ

پیر 27 جنوری 2014 08:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27جنوری۔2014ء) پشاور میں انسداد پولیو مہم ملتوی کردی گئی‘ مہم اگلے اتوار سے شروع ہوگی۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق انسداد پولیو مہم گذشتہ روز اتوار کو شروع ہونا تھی تاہم سکیورٹی خدشات کے پیش نظر مہم ملتوی کردی گئی ہے۔ انسداد پولیو مہم اب آئندہ اتوار سے شروع ہوگی۔ پولیو مہم کی ٹیموں کیلئے سکیورٹی پلان پر عملدرآمد یقینی بنایاجائے گا۔

مہم میں اساتذہ بھی شرکت کریں گے۔ وا ضع رہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے پشاور میں پولیو کے خلاف ہر اتوار کو مہم چلانے کا فیصلہ کیا تھا۔ مہم کے لئے اساتذہ کی ڈیوٹی لگائی گئی تاہم سکیورٹی ٹیموں پر حملوں کی وجہ سے اساتذہ نے اس مہم سے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔ آل پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر ملک خالد کے مطابق خطرناک حالات میں سرکاری سکولوں کے اساتذہ انسداد پولیو مہم کا حصہ نہیں بن سکتے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر سے مذاکرات بھی ناکام ہو گئے تھے لیکن کمشنر پشاور کے ساتھ ملاقات کے بعد اساتذہ تنظیموں کی جانب سے مشروط آمادگی ظاہر کی گئی ہے۔ ملک خالد کا کہنا ہے کہ 2013 میں پولیو ٹیموں پر حملوں میں دو خواتین سمیت تین ٹیچر شہید ہوئے تھے جنہیں شہداء پیکیج بھی نہیں دیا گیا ان کا مطالبہ ہے کہ جاں بحق ہونیوالوں کو شہداء پیکج دیا جائے اور گھر گھر کی بجائے انسداد پولیو مہم اسکولوں کے اندر چلائی جائے تو تمام اساتذہ حصہ لیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین اساتذہ کسی صورت مہم میں شامل نہیں ہونگی۔

متعلقہ عنوان :