چناری‘ سری نگر مظفر آباد دو طرفہ تجارتی تنازعہ کے حل کیلئے ہونے والی میٹنگ بغیر نتیجہ ختم،بھارتی حکام نے مسئلے کے حل کیلئے پاکستانی حکام سے جمعرات تک کیلئے مہلت مانگ لی، بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث مظفر آباد بس سروس دوسرے ہفتے بھی معطل ،55 مسافر پھنس گئے ، آزاد اور مقبوضہ کشمیر کے درمیان پھنسے ہوئے 76مال بردار ٹرک 11ویں رو ز بھی آر پار نہ ہوسکے ، آج بھی سروس معطل رہنے کا امکان ، تاجروں کے کروڑوں روپے پھنس گئے ،پاک بھارت حکام فی الفور اس مسئلے کو حل کروائیں تاکہ مسافر اپنے گھروں کو روانہ ہوسکیں ، تجارت بند ہونے سے تاجر برادری کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ، کاروبار ٹھپ ہونے سے تاجروں کو روزانہ لاکھوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑھ رہا ہے ، اعجاز میر

منگل 28 جنوری 2014 08:57

چناری (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28جنوری۔2014ء) گیارہ روز سے منشیات سمگلنگ کے الزام کے باعث تعطل کا شکار سری نگر مظفر آباد دو طرفہ تجارتی تنازعہ کو حل کرنے کیلئے لائن آف کنٹرول کے امن برج چکوٹھی اوڑی پر دونوں اطراف کے حکام کے درمیان ہونے والی میٹنگ بغیر کسی نتیجہ کے ختم ہوگئی بھارتی حکام نے مسئلے کے حل کیلئے پاکستانی حکام سے جمعرات تک کیلئے مہلت مانگ لی۔

تفصیلات کے مطابق پیر کی سہ پہر امن برج پر ہونے والی میٹنگ دو گھنٹے تک جاری رہی آزاد کشمیر کی نمائندگی ڈائریکٹر جنرل ٹریول اینڈ ٹریڈ اتھارٹی بریگیڈیئر (ر) محمد اسماعیل‘ کمشنر مظفر آباد بشیر مغل‘ ٹی ایف او چکوٹھی بشارت اقبال کررہے تھے جبکہ مقبوضہ کشمیر کی نمائندگی ڈائریکٹر انڈسٹری محمد جاوید خان‘ ایس ایم ڈی اوڑی عبدالعزیز ‘ ٹی ایف او شوکت حسین‘ ایس ایچ او محمد عبدالله کررہے تھے آزاد کشمیر حکام نے ایک بار پھر موقف دہراتے ہوئے کہا کہ بھارت گرفتار ڈرائیور سمیت تمام 49 ڈرائیور اور ٹرک واپس کرے تاکہ دونوں اطراف کے درمیان بس اور ٹرک سروس کا عمل بحال ہوسکے بھارتی حکام نے اپنے موقف سے پیچھے ہٹتے ہوئے انکشاف کیا کہ پکڑے جانے والے 114 پیکٹ کی لیبارٹری ٹیسٹ رپورٹ موصول ہوگئی ہے ان 114 پیکٹ میں کچھ فیصد ہیروئن ہے باقی آئس کریم میں استعمال ہونے والی سکرین ہے آزاد کشمیر کے وفد نے بھارتی حکام کی جانب سے کروڑوں روپے کی ہیروئن برآمد ہونے کے الزام سے پیچھے ہٹنے کے بعد موقف اختیار کیا کہ اب بھارت گرفتار ڈرائیور سمیت تمام ڈرائیوروں کو واپس کرے جس کے بعد امن برج پر موجود بھارتی حکام نے آزاد کشمیر حکام سے مسئلے کے حل کیلئے جمعرات تک کا ٹائم مانگ لیا ہے جمعرات کے روز ایک بار پھر امن برج پر دونوں اطراف کے حکام کے درمیان میٹنگ ہوگی جس میں اہم فیصلے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

ادھربھارتی ہٹ دھرمی کے باعث آزاد اور مقبوضہ کشمیر کے درمیان پھنسے ہوئے 76 مال بردار ٹرک گیارہوں روز بھی آر پار نہ ہوسکے ۔ پیر کے روز چلنے والی سرینگر مظفر آباد بس سروس دوسرے ہفتے بھی معطل رہی ،55 مسافر آر پار پھنس گئے ۔ تفصیلات کے مطابق 17 جنوری کے روز آزاد کشمیر سے جانے والے مال بردار ٹرک سے 114پیکٹ ہیروئن برآمد ہونے کے بھارتی الزام کے بعد آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں پھنسے ہوئے 76 مال بردار ٹرک اپنے اپنے ملکوں میں نہ پہنچ سکے ۔

پیر کے روز چلنے والی سرینگر مظفر آباد بس سروس معطل رہی دونوں اطراف کے درمیان پھنسے ہوئے 55 مسافر بھی اپنے گھروں کو روانہ نہ ہوسکے۔ آج منگل کے روز ہونے والی دوطرفہ تجارت بھی معطل رہے گی ۔ گیارہ روز سے دوطرفہ تجارت کے بند ہونے کی وجہ سے آر پار تاجروں کے کڑوڑروں روپے پھنس گئے ہیں جبکہ دونوں اطراف کے تاجروں کا روزانہ لاکھوں روپے مالیت کا نقصان ہورہا ہے ۔

دونوں اطراف پھنسے ہوئے 76ٹرک ڈرائیور اور 55 مسافر شدید پریشانی کا شکار ہیں ۔ ایل او سی ٹریڈ یونین آزاد کشمیر کے سنئر نائب صدر اعجاز میر نے پاک بھارت حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فی الفور اس مسئلے کو حل کروائیں تاکہ دونوں اطراف کے درمیان پھنسے ہوئے ڈرائیور اور مسافر اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہوسکیں ۔ اعجاز میر کا مزید کہنا تھا کہ گیارہ روز سے تجارت کے بند ہونے سے تاجر برادری شدید پریشانی میں مبتلا ہے کاروبار ٹھپ ہونے کے ساتھ ساتھ روزانہ تاجروں کو لاکھوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے ۔

دریں اثناء ایل او سی ٹریڈ یونین کے سینئر نائب صدر اعجاز میر خوشحال قذافی اور دیگر نے ٹریڈ سنٹر کا دورہ کیا اور مقبوضہ کشمیر سے پھنسے ہوئے 27 ڈرائیوروں سے ملاقاتیں کیں ہیں اس موقع پر مقبوضہ کشمیر کے ڈرائیوروں کا کہنا تھا کہ پاک بھارت حکومتیں جلد مسئلہ حل کروائیں تاکہ ہم اپنے گھروں کو جاسکیں ۔