اسلام آباد ہائیکورٹ سی این جی بندش کیس سما عت ،آئین کے مطابق ہمیں کاروبار کرنے کیلئے پاکستان میں قانونی تحفظ حاصل ہے، حکو مت ہمارے کاروبار کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے، وکیل قمر افضل کے عدا لت میں دلا ئل ، سماعت آ ج دوبا رہ ہو گی

منگل 28 جنوری 2014 08:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28جنوری۔2014ء)اسلام آباد ہائیکورٹ میں سی این جی بندش کیس کی سما عت کے دورا ن سی این جی مالکان کی جانب سے وکیل قمر افضل نے عدالت کو بتایا کہ اوگرا نے ہمیں کاروبار کرنے کیلئے لائسنس دئیے اور آئین کے مطابق ہمیں کاروبار کرنے کیلئے پاکستان میں قانونی تحفظ حاصل ہے جبکہ فیڈرل گورنمنٹ اور کابینہ ہمارے کاروبار کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے۔

پیر کے روز سماعت جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی عدالت میں ہوئی۔ قمر افضل نے عدالت کو بتایا کہ وزیراعظم نواز شریف اس وقت ملک کے سب سے بڑے بزنس ٹرائیکون ہیں۔

(جاری ہے)

آئین کے مطابق سی این جی مالکان اپنے کاروبار کو بلاتعطل جاری رکھ سکتے ہیں۔ قمر افضل نے عدالت کو بتایا کہ نومبر‘ دسمبر اور جنوری کے عدالتی فیصلے کے مطابق انڈسٹریل سیکٹر کو گیس کی فراہمی بند کرنے کے احکامات جاری کئے گئے تھے۔

قمر افضل نے مزید کہا کہ جن کو گیس کی سپلائی بلاتعطل دینی چاہئے ان کو دے نہیں رہے اور جنہیں نہیں دینی چاہئے انہیں گیس کی فراہمی بلاتعطل جاری ہے۔ عدالتیں جو کام سنجیدگی سے کرنا چاہتی ہیں سیاستدان وہ کام اپنی اہلیت کے مطابق نہیں کرسکتے۔ دلائل سننے کے بعد جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کیس کی سماعت (آج) منگل تک ملتوی کردی۔