شمالی کوریا کی دھمکیوں کے باوجود سیول کی فوجی مشقیں، اپنے علاقے میں ہونے والی توپ خانے کی مشقیں جائز ہیں،منصوبے کے مطابق جاری رہیں گی،ترجمان جنوبی کورین وزارت دفاع

بدھ 29 جنوری 2014 08:05

سیئول(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29جنوری۔2014ء)شمالی کوریا کی طرف سے ”سنگین نتائج“ کی دھمکیوں کے باجود جنوبی کوریا اپنی فوجی مشقیں کر رہا ہے۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق سیول میں وزارت دفاع کے ترجمان کم من سیوک نے اپنے علاقے میں ہونے والی توپ خانے کی ان مشقوں کو ”جائز“ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبے کے مطابق جاری رہیں گی۔

قبل ازیں منگل کو کم نے بتایا تھا کہ شمالی کوریا کی طرف سے سیول کو مشقیں روکنے کی تنبیہ کرتے ہوئے غیر واضح ”سنگین نتائج“ کا پیغام موصول ہوا تھا۔یہ مشقیں یئونپیونگ اور بائنگیئونگ جزائر پر ہورہی ہیں۔شمالی کوریا اس سے قبل بھی خطے میں جنوبی کوریا کی مشقوں پر تواتر سے دھمکیاں دیتا رہا ہے۔دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان حالیہ ہفتوں میں تعلقات میں بہتری کے کچھ اشارے بھی ملے جن میں طرفین نے تعلقات کو بہتر بنانے کی ضرورت پر بات کی۔

(جاری ہے)

تاہم اکثر مبصرین یہ توقع کر رہے ہیں ان ملکوں کے درمیان آئندہ ماہ اس وقت تعلقات مزید کشیدہ ہوسکتے ہیں جب کہ جنوبی کوریا اور امریکہ کی سالانہ مشترکہ فوجی مشقیں شروع ہوں گی۔امریکہ اور جنوبی کوریا شمال کی طرف سے مشقیں منسوخ کرنے کے مطالبات کو مسترد کرچکے ہیں۔ شمالی کوریا ان مشقوں کو اپنے ملک میں مداخلت کی تیاری گردانتا ہے جب کہ واشنگٹن اور سیول کے مطابق یہ صرف دفاعی مقاصد کے لیے ہیں۔

متعلقہ عنوان :