سمیرا ملک جعلی ڈگری کیس ، ایڈیشنل سیشن جج طارق محمود نے پنجاب یونیورسٹی کے کنٹرولر اور وائس چانسلر کیخلاف قانونی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے نوٹسز جاری کردیئے ،پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر مجاہد کامران نے سیاسی بنیادوں پر سمیرا ملک کوڈگری جاری کردی جس کا سارا ملبہ ان پر تھوپ دیا گیا، درخواست میں موقف

بدھ 29 جنوری 2014 07:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29جنوری۔2014ء) مسلم لیگ (ن) کی ایم این اے سمیرا ملک جعلی ڈگری کیس میں ایڈیشنل سیشن جج طارق محمود نے پنجاب یونیورسٹی کے کنٹرولر اور وائس چانسلر کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دیدیا ہے اور نوٹسز جاری بھی جاری کردیئے ہیں ۔

(جاری ہے)

منگل کے روز لاہور کی سیشن عدالت میں مسلم لیگ (ن) کی ایم این اے سمیرا ملک کی جعلی ڈگری کیس کی سماعت ہوئی جس میں ایڈیشنل سیشن جج طارق محمود کی عدالت میں پروفیسر محمد زاہد نے درخواست دائر کی اور درخواست میں موقف ظاہر کیا کہ سمیرا ملک کو سیاسی بنیادوں پر ڈگری جاری کی گئی اور بلاوجہ ان کو اس انکوائری میں گھسیٹا جارہا ہے جس کی وجہ سے وہ کافی پریشان ہیں ۔

انہوں نے درخواست میں مزید کہا کہ حالانکہ سپریم کورٹ نے سمیرا ملک کی ڈگری کو جعلی قرار دے دیا ہے لیکن اس کے باوجود پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر مجاہد کامران نے سیاسی بنیادوں پر سمیرا ملک کوڈگری جاری کردی جس کا سارا ملبہ ان پر تھوپ دیا گیا کیس کی سماعت کے بعد ایڈیشنل سیشن جج طارق محمود نے وائس چانسلر اور کنٹرولر پنجاب یونیورسٹی کیخلاف قانونی کارروائی کا حکم دیدیا اور انہیں نوٹسز بھی جاری کردیئے ۔