توتک کے علاقے سے ملنے والی 13 نعشوں کا ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد اصل حقائق سامنے آئینگے، کوئی چیز عوام سے نہیں چھپائینگے،ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

بدھ 29 جنوری 2014 08:02

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29جنوری۔2014ء)وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہاکہ توتک کے علاقے سے ملنے والی 13 نعشوں کا ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد اصل حقائق سامنے آئینگے ہم کوئی چیز عوام سے نہیں چھپائینگے سیکرٹری داخلہ اور آئی جی پولیس بلوچستان معاملے کی چھان بین کررہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کوبلوچستان اسمبلی کے اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ خضدار کے علاقے توتک سے اب تک 13 لاشیں ملی ہیں اس حوالے سے سیکرٹری داخلہ اسد گیلانی اور انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان مشتاق احمد سکیھرا اس معاملے کی چھان بین کررہے ہیں تاکہ اصل حقائق معلوم ہوسکیں وزیراعلیٰ نے کہاکہ ملنے والی نعشوں کی مکمل رپورٹ اور ڈی این اے ٹیسٹ آنے کے بعد کچھ کہنے کی پوزیشن میں ہونگے حکومت اس حوالے سے عوام سے کچھ نہیں چھپائے گی ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ شہید نواب اکبر بگٹی کا گھر میرے لئے قابل احترام ہے لیکن نوابزادہ طلال اکبر بگٹی اور نواب میر عالی بگٹی کے بیانات کے بعد میں اور حکومت نہیں چاہتی کہ ہماری وجہ سے ان کیلئے کوئی مسئلہ پیدا ہو انہوں نے شاہ ذین بگٹی سے اپیل کی ہے کہ وہ کوئٹہ واپس آجائیں ہم انہیں باعزت طریقے سے ان کے گھر لے جائینگے کیونکہ وہ ان کا اپنا گھر ہے انہوں نے کہاکہ ہم کوہلو ڈیرہ بگٹی کے عوام جو اپنے گھروں کو واپس جانا چاہتے ہیں انہیں بحفاظت باعزت طریقے سے لیکر جائینگے۔

متعلقہ عنوان :