پاکستان آرپار تجارت بحال کرنے میں سنجیدہ نہیں‘ بھارت کا الزام،الزامات اور حیلے بہانوں سے معاملات حل نہیں ہوں گے‘ تجارت بحالی میں رکاوٹ بھارتی الزامات ہیں‘ پاکستان

جمعرات 30 جنوری 2014 08:12

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30جنوری۔2014ء) بھارت نے مختلف حیلے بہانوں سے آرپار تجارت بند اور پاکستانی ڈرائیور کی گرفتاری کے معاملے پر پردہ ڈالتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان تجارت بحال کرنے میں سنجیدہ نہیں‘ بار بار رابطہ کرنے کے باوجود مثبت جواب نہیں دیا جارہا اور نہ ہی ٹھوس اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان سید اکبرالدین کا کہنا ہے کہ دو ہفتے گزرجانے کے باوجود بھی پاکستانی حکام کی طرف سے آرپار تجارت کو بحال کرنے کے سلسلے میں ا قدامات نہیں اٹھائے جارہے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان نے انکشاف کیا کہ پاکستانی حکام کیساتھ رابطہ قائم کرنے کے باوجود بھی تجارت کو بحال کرنے کے سلسلے میں پاکستان کی جانب سے سنجیدہ نوعیت کے اقدامات نہیں اٹھائے جارہے جس کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پاکستانی حکام نے بھارتی الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ آرپار تجارت کی بحالی میں رکاوٹ کون ہے‘ حقیقت جلد منظر عام پر آجائے گی۔

سمگلنگ کے الزام میں پاکستانی ڈرائیور کی گرفتاری سے مسائل پیدا ہورہے ہیں۔ بھارت کے اس بے بنیاد الزام کی تحقیقات ہورہی ہیں اور حقائق سامنے آجائیں گے۔ واضح رہے کہ بھارت نے آزاد کشمیر لے جانے والے ایک ٹرک سے منشیات برآمد کرنے کا الزام عائد کیا ہے اور اس سلسلے میں متعلقہ ٹرک ڈرائیور کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جس کے بعد آرپار تجارت مسلسل تیرہ روز سے بند ہے۔

متعلقہ عنوان :