قومی اسمبلی اجلاس، وزیراعظم نے عمران خان کی نشست پر جا کر ان سے مصافحہ بھی کیا، اگر آپ ہمیں اس طرح مشوریں دیتے رہے تو مجھے اپنے گھر بلالیں یا جہاں آپ کہیں میں آنے کو تیار ہوں،نواز شریف

جمعرات 30 جنوری 2014 07:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30جنوری۔2014ء) قومی اسمبلی اجلاس میں وزیراعظم میاں نواز شریف نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خطاب کے بعد کھڑے ہوکر ان کے مشوروں کو سراہتے ہوئے ان کو مزید مفید مشوروں کیلئے عمران خان کے گھر جانے اور ملاقاتیں کرنے کی دعوت دیدی جبکہ اجلاس ختم ہونے کے بعد عمران خان کی نشست پر جا کر ان سے مصافحہ بھی کیا ۔

(جاری ہے)

بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں قومی اسمبلی اجلاس کے دوران جب عمران خان نے وزیراعظم کی تقریر کے بعد اپنی تقریر ختم کی تو وزیراعظم میاں نواز شریف نے دوبارہ اٹھ کر عمران خان کے مشوروں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر آپ ہمیں اس طرح مشوریں دیتے رہے تو مجھے اپنے گھر بلالیں یا جہاں آپ کہیں میں آنے کو تیار ہوں اس دوران عمران خان مسکراتے ہوئے سوالیہ نظروں سے وزیراعظم کو دیکھتے رہے جبکہ قومی اسمبلی کا اجلاس ختم ہونے کے بعد وزیراعظم میاں نواز شریف عمران خان کی نشست پر جا کر ان سے مصافحہ بھی کیا