کوئٹہ،آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کابیٹ ٹریننگ سنٹر کا دورہ ،پاک فوج پولیس کی استعداد کار بڑھانے میں تعاون کرے گی امید ہے پولیس دہشتگردی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرے گی،آرمی چیف

جمعہ 31 جنوری 2014 08:20

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔31جنوری۔2014ء)آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کابیٹ ٹریننگ سنٹر کوئٹہ کے دورہ کے موقع پر کہا کہ پاک فوج پولیس کی استعداد کار بڑھانے میں تعاون کرے گی امید ہے پولیس دہشتگردی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرے گی،وزیراعظم نے بلوچستان میں حالات بہتر کرنے کیلئے فورسز کے کردار کو سراہا،آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے جمعرات کے روز کوئٹہ میں کابیٹ ٹریننگ سنٹر کا دورہ کیا،اس موقع پر کمانڈر جنوبی کمان لیفٹیننٹ جنرل نصیر خان جنجوعہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے،جہاں پر پولیس اور بلوچستان کانسٹیبلری کو دہشتگردی نے نمٹنے کی تربیت دی جارہی ہے،فوجی تربیتی ادارے میں ابتدائی طور پر پولیس اور بلوچستان کانسٹیبلری کے200جوانوں کو تربیت دی جارہی ہے،8ہفتوں پر محیط یہ کورس7فروری کو مکمل ہوگا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پولیس اور کانسٹیبلری کے جوانوں کی ٹریننگ کا جائزہ لینے کے بعد آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج بلوچستان کانسٹیبلری اور پولیس کی استعداد کار بڑھانے میں تعاون کرے گی اور جوان صوبے میں دہشتگردی کے خاتمے اور امن وامان کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے امید ہے ادارے سے تربیت یافتہ نوجوان صوبے سے دہشتگردی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کریں گے،انہوں نے کہا کہ جوانوں کو مزید3تربیتی کورسز کرائے جائیں گے۔