نوجوان گلوکار کو امریکہ اور کینیڈا میں الزامات کا سامنا

جمعہ 31 جنوری 2014 08:16

اوٹاوا(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔31جنوری۔2014ء)جواں سال پاپ گلوکار جیسٹن بیئبر پر کینیڈا میں لیموزین گاڑی کے ڈرائیور پر حملہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔امریکی نشراتی ادارے کے مطابق کینیڈا سے تعلق رکھنے والا 19 سالہ فنکار خود ہی ٹورنٹو کے ایک تھانے میں پیش ہوا۔ اس موقع پر ان کے مداحوں اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کی ایک بڑی تعداد بھی وہاں موجود تھی۔

(جاری ہے)

یہ الزام 30 دسمبر کے اس واقعے پر عائد کیاگیا جس میں لیموزین کے ڈرائیور نے پولیس سے شکایت کی تھی کہ اس نے بیئبر اور پانچ دیگر افراد کو ٹورنٹو کے ایک نائٹ کلب سے اٹھایا تھا اور پھر بیئبر نے اس کے سر پر متعدد بار چوٹ ماری۔بیئبر کے وکیل نے بعد میں صحافیوں کو بتایا کہ ان کے موکل مارچ میں ٹورنٹو عدالت کے سامنے اپنے بے قصور ہونے کی درخواست کریں گے۔

بیئبر نے امریکی ریاست فلوریڈا میں بھی زائد المیعاد لائسنس پر گاڑی چلانے اور گرفتاری پر مزاحمت کے الزامات تسلیم کرنے سے انکار کیا۔رواں ماہ ہی انہیں میامی میں ایک رہائشی علاقے میں بے ہنگم انداز میں گاڑی چلانے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔پولیس کا کہنا تھا کہ بیئبر نے گرفتاری کے وقت افسران سے گالم گلوچ کی اور بعد میں انہوں نے شراب پینے اور نشہ آور اشیاء استعمال کرنے کو تسلیم کیا۔

متعلقہ عنوان :