وزیر اعظم کا دورہ کوئٹہ،وزیراعظم نواز شریف کی کوئٹہ اور گورنر ہاؤس میں آمد،سیکورٹی کے سخت انتظامات، شہر کی مختلف سڑکوں کو ٹریفک اور عام شہریوں کی آمدورفت کیلئے بند کردیا گیا،ٹریفک جام ہونے کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا

جمعہ 31 جنوری 2014 08:08

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔31جنوری۔2014ء) وزیراعظم پاکستان میاں محمدنواز شریف ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچے توان کے ہمراہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ‘ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی چیئرمین رکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی ‘ نیشنل پارٹی کے مرکزی قائم مقام صدر و سینیٹر میر حاصل خان بزنجو ‘ وفاقی وزیر جنرل ریٹائرڈ عبدالقادر بلوچ بھی تھے ایئر پورٹ پر ان کا چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف ‘ گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ ‘ چیف سیکرٹری بلوچستان بابر یعقوب فتح محمد ‘ انسپکٹر جنرل پولیس مشتاق احمد سکھیرا ‘ کمانڈر سدرن کمانڈ ناصر خان جنجوعہ ‘ انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور میجر جنرل اعجاز شاہد ‘ صوبائی وزراء ‘ وزیر داخلہ سرفراز بگٹی ‘ نوابزادہ جنگیز مری ‘ سردار اسلم بزنجو ‘ طاہر محمود خان سمیت دیگر نے ان کا استقبال کیاوزیراعظم ایئر پورٹ سے سیدھے کوئٹہ کینٹ پہنچے اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے جس کی وجہ سے وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی کوئٹہ اور گورنر ہاؤس میں آمد کے موقع پر شہر کی مختلف سڑکوں کو ٹریفک اور عام شہریوں کی آمدورفت کیلئے بند کردیا گیا تھا جس کی وجہ سے شہر کی مختلف سڑکوں جن میں وائٹ روڈ ‘ سمنگلی روڈ ‘ سرکلر روڈ ‘ خوجک روڈ ‘ ڈبل روڈ اور شہر کی مختلف سڑکوں پر ٹریفک جام ہونے کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑاگورنر اور وزیراعلیٰ ہاؤس کی جانیوالی سڑکوں کو لوہے کے بیریئرز اور فورسز کے ٹرک اور گاڑیاں کھڑی کرکے بند کردیا گیا تھا۔