الیکشن کمیشن نے مقناطیسی سیاہی کے حوالے سے کوئی شکایت نہیں کی‘ بلدیاتی انتخابات کیلئے عام سیاہی کہا گیا ہے،زاہد حامد ،دسمبر میں گیس کا لوڈ بڑھ جاتا ہے اسلئے پریشر کم ہے‘ گھریلو گیس کے کنکشنوں پر کوئی پابندی نہیں ہے،شہزادی عمر زادی ٹوانہ ،ملک میں مساجد کو کمرشل گیس کنکشن فراہم نہیں کئے جارہے۔ اوگرا نے نوٹیفائی کیا ہے کہ مساجد سے گھریلو ٹیرف کے تحت بل وصول کئے جائیں،قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران مختلف اراکین کے سوالوں کے جواب

جمعہ 31 جنوری 2014 08:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔31جنوری۔2014ء) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی زاہد حامد نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے مقناطیسی سیاہی کے حوالے سے کوئی شکایت نہیں کی‘ بلدیاتی انتخابات کیلئے عام سیاہی کہا گیا ہے‘ پارلیمانی سیکرٹری برائے پٹرولیم شہزادی عمر زادی ٹوانہ نے کہاکہ دسمبر میں گیس کا لوڈ بڑھ جاتا ہے اسلئے پریشر کم ہے‘ گھریلو گیس کے کنکشنوں پر کوئی پابندی نہیں ہے۔

جمعرات کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران مختلف اراکین کے سوالوں کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری برائے پٹرولیم شہزادی عمرزادی ٹوانہ نے بتایا کہ ملک میں گیس کی طلب بڑھ گئی ہے جس کے باعث گیس کی قلت ہے۔ گھریلو صارفین کیلئے گیس کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی۔ جن دنوں سی این جی سٹیشن کھلے ہوتے ہیں ون دنوں گیس کا پریشر کم ہوجاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک میں مساجد کو کمرشل گیس کنکشن فراہم نہیں کئے جارہے۔

اوگرا نے نوٹیفائی کیا ہے کہ مساجد سے گھریلو ٹیرف کے تحت بل وصول کئے جائیں۔ پارلیمانی سیکر یٹری عالم داد لالیکا نے بتایا کہ سابقہ دور میں حکومت نے فنڈز اور منصوبہ بندی کے بغیر بہت سے منصوبے شروع کئے جس کی وجہ سے بہت سے منصوبوں میں پریشانی کا سامنا ہے۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے پٹرولیم نے کہا کہ دسمبر کا مہینہ گزر گیا ہے اب گیس کے استعمال میں کمی آئے گی جس سے گیس کی صورتحال بہتر ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ گھریلو گیس کنکشنوں پر کوئی پابندی نہیں تاہم نئے صنعتی اور تجارتی گیس کنکشنوں پر اس وقت ملک میں پابندی ہے۔ قدرتی گیس کی طلب اور رسد میں وسیع فرق کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے پابندی لگائی تھی۔ وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی زاہد حامد نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی درخواست پر مقناطیسی سیاہی بنائی گئی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے سیاہی کے حوالے سے کوئی شکایت نہیں ملی۔

سیاہی بنانے کے بعد چار سے پانچ مرتبہ ہم نے اسے چیک کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کیلئے جو سیاہی کہی ہے وجہ مقناطیسی سیاہی نہیں ہے۔ جب اس سے متعلق الیکشن کمیشن سے پوچھا گیا تو انہوں نے بتایاکہ اب تمام سیاہی کے ذریعے ہی انگوٹھے کے نشان سے نادرا کے ریکارڈ کی تصدیق ہوجاتی ہے اسلئے مقناطیسی سیاہی کی ضرورت نہیں۔