کراچی، قصبہ کالونی میں گھر کے باہر 3 بم دھماکوں سے 16 افراد شدید زخمی

جمعہ 31 جنوری 2014 08:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔31جنوری۔2014ء) کراچی میں رینجرز پر تابڑ توڑ حملوں کے بعد دہشت گرد جمعرات کی صبح دوسرے روز بھی سرگرم نظر آئے، قصبہ کالونی میں سیاسی رہنما کے گھر کے باہر 3 بم دھماکوں سے 16 افراد شدید زخمی ہوگئے، پولیس اور رینجرز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ٹارگٹڈ آپریشن شروع کردیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کی صبح قصبہ کالونی میں محمد پور پولیس چوکی کے قریب واقع عوامی نیشنل پارٹی کے مقامی رہنما محمد علی کے گھر کے باہر نامعلوم ملزمان دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے، اس واقعے کے بعد پولیس اور ریسکیو اداروں کی ایمبولینسیں جائے وقوع پر پہنچیں تو 2 بم دھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں اے این پی رہنما محمد علی سمیت 16 افراد شدید زخمی ہوگئے۔

ان دھماکوں کی آواز کئی کلو میٹر دور تک سنی گئی۔

(جاری ہے)

دھماکوں سے ریسکیو ادارے کی 2 ایمبولینسوں سمیت 3 گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمیوں میں خلیل ولد حیات خان، حیات خان ولد سعد خان، رحیم ولد خان، بلال ولد جلال، نصیر ولد فضل، محبوب ولد بخت درویش، سلیم ولد نصیب، اصغر ولد جان سید، رشید ولد سعید، حیدر ولد نور مجید، شیر عالم ولد ایوب، جاوید ولد فضل الحق، معیدالحق ولد تعزالحق، مجید ولد عبدالحمید، وقاص ولد جان محمد شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق بم دھماکے پلانٹڈ تھے، نامعلوم ملزمان نے گھر کے باہر دھماکہ خیز مواد نصب کرکے ریموٹ کنٹرول سے اڑا دیا۔ بم دھماکوں کے بعد علاقے میں شدید خوف وہراس پھیل گیا۔ واضح رہے کہ اس علاقے میں اس سے قبل بھی کئی افراد ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بن چکے ہیں جبکہ ایس پی اسد اورنگی کے مطابق مذکورہ واقعات میں قبضہ اور منشیات گروپوں کے درمیان چپقلش کا نتیجہ ہے جبکہ پولیس ان واقعات کی مزید تفتیش کررہی ہے۔

متعلقہ عنوان :