کوئٹہ ،ضلع آواران کے علاقے جھاؤمیں زلزلہ متاثرین بحالی ٹیم کی سیکورٹی پرمامور فرنٹیئر کور بلوچستان کی گشتی پارٹی پر ریموٹ کنٹرول بم حملہ، 4اہلکار شہید، 3زخمی

ہفتہ 1 فروری 2014 08:45

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1فروری۔2014ء)ضلع آواران کے علاقے جھاؤمیں زلزلہ متاثرین بحالی ٹیم کی سیکورٹی پرمامور فرنٹیئر کور بلوچستان کی گشتی پارٹی پر ریموٹ کنٹرول بم حملے کے نتیجے میں 4اہلکار شہید اور 3زخمی ہوئے تفصیلات کے مطابق آج صبح زلزلہ متاثرین کی بحالی میں مصروف امدادی ٹیموں کی نگرانی پر مامور فرنٹیئر کور بلوچستان کی گشتی پارٹی آواران کے علاقے جھاؤ کراس سے جھاؤ کی طرف جارہی تھی کہ سڑک کنارے نصب آئی ای ڈی کے ذریعے نامعلوم شرپسندوں نے ان کو حملے کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 4 ایف سی اہلکار شہید جبکہ 3 زخمی ہوگئے تاہم زلزلہ متاثرین کی بحالی میں مصروف امدادی ٹیموں کا عملہ جانی نقصان سے محفوظ رہا واضح رہے کہ شرپسندشروع دن سے آواران میں زلزلہ سے متاثرہ افراد کی امداد میں رکاوٹ ڈالنے کیلئے امدادی ٹیموں پر متواتر حملے کررہے ہیں تاکہ حکومت کی جانب سے زلزلہ متاثرین کی بحالی کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سبوتاژ کرسکیں اس سے پہلے بھی مذکورہ علاقے میں شرپسندوں نے امدادی ٹیموں اور ان کی سیکورٹی پر مامور ایف سی اہلکاروں پر کئی حملے کئے گئے لیکن سیکورٹی فورسز کے جوانوں نے اپنی قیمتی جانوں کی قربانی دیتے ہوئے امدادی ٹیموں کے عملے کو جانی اور مالی نقصان سے بچایا آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل محمد اعجاز شاہد نے شہید ایف سی اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فرنٹیئر کور بلوچستان مصیبت کی اس گھڑی میں زلزلہ متاثرین کیساتھ ہے اور ان کی مدد کیلئے ہر ممکن کردار ادا کرتے ہوئے شرپسندوں کے عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہم سب مل کر اتفاق اور یکجہتی سے جرم ‘ تخریب کاری کا مقابلہ کریں اور ذمہ دار معاشرے کے طورپر تخریب کاری کو مسترد کریں تو یقیناً امن اور ہم آہنگی کا رشتہ استوار کیا جاسکتا ہے اور بلوچستان کو پرامن خطہ بنایا جاسکتا ہے ۔