افغانستان کیساتھ سکیورٹی معاہدے میں تاخیر مایوس کن ہے‘ امریکہ

ہفتہ 1 فروری 2014 08:41

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1فروری۔2014ء) امریکہ نے افغانستان کیساتھ سکیورٹی معاہدے میں تاخیر پر سخت مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان صدر حامد کرزئی کو نہ جانے کونسی وباء چھوگئی کہ رضامندی کے باوجود معاہدے پر دستخط سے انکار کردیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ بات امریکی وزیر دفاع چک ہیگل نے پولینڈ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صدر کرزئی نے گذشتہ سال ہونے والے مذاکرات کے موقع پر باہمی سکیورٹی معاہدے کی حامی بھری لیکن وقت قریب آتے ہی انہوں نے دستخط کرنے سے انکار کردیا۔ چک ہیگل نے کہا کہ سکیورٹی معاہدہ دونوں ممالک کی سکیورٹی کیلئے لازم ہے تاہم یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ صدر کرزئی کو کیا تحفظات ہیں اور ان کا نقطہ نظر کیا ہے۔ امریکی وزیر دفاع نے مزید کہا کہ حامد کرزئی آزاد ملک کے منتخب صدر ہیں اور ان کے فیصلے میں امریکہ کا مداخلت کا اختیار محدود ہے۔

متعلقہ عنوان :