کراچی، نیوکراچی میں تجاوزات کے خلاف جاری کاروائی کے دوران فائرنگ، ڈپٹی لینڈ ڈائریکٹر قتل ،کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں 4افراد ہلاک، ایک زخمی ہوگیا

ہفتہ 1 فروری 2014 08:37

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1فروری۔2014ء)کراچی کے علاقے نیوکراچی میں تجاوزات کے خلاف جاری کاروائی کے دوران فائرنگ سے ڈپٹی لینڈ ڈائریکٹر قتل ،کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں 4افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا ۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں نیو کراچی کے علاقے بلال کالونی میں اینٹی انکروچمنٹ سیل نے تجاوزات کے خلاف کارروائی کی جس کے دوران نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی۔

جس کے نتیجے میں ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈ محمد اسحاق زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ راستے میں دم توڑ گئے ۔ پولیس کے مطابق اینٹی انکروچمنٹ سیل نے تجاوزات کے خلاف کاروائی کے حوالے سے پہلے پولیس کو آگاہ نہیں کیا ۔پولیس کے مطابق واقعہ کی تفتیش شروع کر دی ہے ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب کراچی کے علاقے میں پی آئی بی تھانے کی حدودپرانی سبزی منڈی میں یونیورسٹی روڈ پر واقع ملنگ ہوٹل پر بیٹھے2 افراد پرنامعلوم افراد نے فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے۔

جس کے نتیجے میں 40 سالہ عبدالغفار خان ولدگل رحیم موقع پر جاں بحق اور35 سالہ شیر زمان ولد غلام حیدر زخمی ہوا،مقتول اور زخمی شخص پرانی سبزی منڈی کرنال بستی کے ڈیرے میں رہائش پذیر اور ان کا آبائی تعلق باجوڑ سے ہے،اور دونوں افراد محنت کش بتائے جاتے ہیں،جبکہ پولیس نے مذکورہ واردات کوابتداء میں ہی ذاتی دشمنی کا نتیجہ قرار دے دیا ہے،تاہم پولیس نے مقتول کے بھائی کثیرخان کی رپورٹ پر مقدمہ الزام نمبر 17/2014 قتل اور اقدام قتل کی دفعات پر نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا ہے۔

موچکو کے علاقے بلدیہ ٹاوٴن حب ریورروڈسے27 سالہ نوجوان لاش ملی۔ پولیس کے مطابق لاش کو تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کیا جہاں اس کی شناخت فیصل شہزاد ولد سمیع اللہ کے نام سے ہوئی ہے ۔پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے اغواء کے بعد گولیاں مار کر قتل کیا اور لاش یہاں پھینک دی۔کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے جام صادق پل کے نیچے سے 30 سالہ نوجوان کی لاش ملی۔

پولیس کے مطابق لاش کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔پولیس کے مطابق مقتول کی فوری طو رپر شناخت بھی نہیں ہوسکی ہے۔ گبول ٹاوٴن کے علاقے نیو کرچی گودھراں کیمپ کے قریب ملک انور گوٹھ کچی آبادی سے40 سالہ مولا بخش ولد محمد جوڑیل کی لاش ملی۔پولیس کے مطابق مقتول کو چھری کے وار سے قتل کیا گیا ہے ۔پولیس کے مطابق لاش کو عباسی شہید منتقل کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے ۔پولیس کے مطابق واقعہ زاتی دشمنی کا نتیجہ لگتا ہے۔