چاند نظرنہیں آیا، یکم ربیع الثانی 02 فروری کو ہوگی ، مفتی منیب الرحمن

ہفتہ 1 فروری 2014 08:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1فروری۔2014ء) مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان کے چیرمین مفتی منیب الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ ربیع الثانی کا چاند نظرنہیںآ یا ،یکم ربیع الثانی 1435ئھ اتوار02 فرور ی کو ہوگی۔ دریں اثنا گزشتہ روز مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس مفتی منیب الرحمن کے زیرِ صدارت دفتر محکمہٴ موسمیات (میٹ کمپلیکس)، موسمیات چورنگی ، یونیورسٹی روڈ کراچی میں منعقد ہوا۔

(جاری ہے)

اجلا س میں مرکزی کمیٹی سے علامہ عبداللہ غازی، زونل رویتِ ہلال کمیٹی سے مولانا اسد دیوبندی ،مولانا فیروزالدین رحمانی، مولانا حافظ محمد سلفی ، مفتی منیر احمد طارق اور علامہ سید علی کرار نقوی نے شرکت کی ۔فنی معاونت کے لئے محکمہٴ موسمیات کراچی کے چیف میٹر لوجسٹ توصیف عالم ا ور چیف اسپیس منیجر سپارکوکمانڈر توفیق نے شرکت کی ۔ پاکستان بھر میں صوبائی وضلعی اور زونل رویتِ ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ ہیڈکواٹرز پر منعقد ہوئے۔

پاکستان بھر میں کسی بھی مقام سے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی ،جامعة الرشید کے شعبہٴ فلکیات کے تمام مراکز سے بھی عدمِ رویت کی رپورٹ موصول ہوئی ہے ، لہٰذا اتفاقِ رائے سے فیصلہ کیا گیاکہ یکم ربیع الثانی اتوار 02 فرور ی کو ہوگی ۔