عابد شیر علی اور پیسکو چیف اس بات کا جواب دیں کہ میرے حلقے میں بجلی کم اور بل زیادہ کیوں آرہے ہیں،وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شاہ فرمان، لائن لاسز کا بہانہ بنا کر بجلی کاٹ دی گئی،وزارت پانی و بجلی بتائے کہ12 لاکھ 9 ہزار یونٹس کہاں سے آئے ،پریس کانفرنس

اتوار 2 فروری 2014 08:32

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2فروری۔2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شاہ فرمان نے کہا ہے کہ وزیرمملکت پانی و بجلی عابد شیر علی اور پیسکو چیف اس بات کا جواب دیں کہ میرے حلقے میں بجلی کم اور بل زیادہ کیوں آرہے ہیں ،جبکہ اس کے باوجود لائن لاسز کا بہانہ بنا کر بجلی کاٹ دی گئی۔پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات شاہ فرمان کا کہنا تھا کہ پیسکو کی جانب سے میرے حلقے کی بجلی اس لئے کاٹی گئی کہ یہاں لائن لاسز کی شرح زیادہ اور لوگ بل ادا نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ یہاں 16 گڑڈ اسٹیشن ایسے ہیں جن سے فاٹا کے علاقوں کو بھی بجلی فراہم کی جاتی ہے۔ میرے حلقے میں متنی اولڈ گرڈ اسٹیشن جس میں صارفین کی تعداد 3 ہزار 288 اور اس گرڈ اسٹیشن کو 39 لاکھ 80 ہزار یونٹس بجلی فراہم کی گئی جب کہ بل 53 لاکھ ایک ہزار یونٹس کے بھیجے گئے۔

(جاری ہے)

شاہ فرمان نے کہا کہ عابد شیر علی اور پیسکو چیف اس بات کا جواب دیں کہ 12 لاکھ 9 ہزار یونٹس کہاں سے آئے ،کیا انہوں نے گرڈ اسٹیشن میں جنریٹر لگائے تھے جس سے بجلی میں اضافہ ہوا، میرے حلقے کے لوگوں کو بجلی کم اور بل زیادہ بھیجے جارہے ہیں اور یہ ناانصافی تمام گرڈ اسٹیشنز کے صارفین کے ساتھ ہورہی ہے اس کے باوجود بجلی کاٹ دی گئی۔

واضح رہے کہ پیسکو حکام نے خیبر پختونخوا کے وزیراطلاعات شاہ فرمان کے حلقے میں واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث 590 گھریلو صارفین کے کنیکشنز منقطع کر دیئے تھے۔ پیسکو حکام کا کہنا تھا کہ شاہ فرمان کے حلقے بڈھ بیر پر 2 کروڑ 79 لاکھ 36 ہزار واجب الادا ہیں۔