17وفاقی وزارتوں اور محکموں کے ملازمین کی صوبوں کو منتقلی کا فیصلہ، قانون سازی10 فروری کو مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں کی جائے گی،ذرائع

پیر 3 فروری 2014 07:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3فروری۔2014ء)مشترکہ مفادات کونسل سی سی آئی 17 وفاقی وزارتوں اور محکموں کے ہزاروں ملازمین کو آئین کی18 ویں ترمیم کی روشنی میں صوبوں کو منتقل کرنے کی حکمت عملی طے کرے گی ۔اس سلسلے میں ضروری قانون سازی10 فروری کو کونسل کے اجلاس میں کی جائے گی ۔ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ملازمین جن کا مستقبل فضا میں معلق ہو کر رہ گیا ہے ۔

(جاری ہے)

صوبوں میں ڈیپوٹیشن پر1973 ء کے سول سرونٹ ایکٹ رول 10 اے کے تحت کام کررہے تھے۔18 ویں ترمیم کے نتیجے میں متوازی فہرستوں کو ختم کر دیا گیا تھا اور بہت سی وزارتیں، محکمے اور تنظیمیں صوبوں کو منتقل کر دی گئی تھیں۔منتقلی کے اس عمل کا نفاذ مکمل ہونا تھا تاہم ہزاروں ملازمین کی منتقلی کا معاملہ حل نہیں کیا جا سکا لیکن پیپلز پارٹی کی مدت اقتدار کے بعد اس سلسلے میں کوئی قانون سازی نہیں کی گئی تھی ۔ذرائع نے مزید بتایا کہ وفاقی حکومت قانون سازی کے ذریعے اس عمل کو مکمل کرنا چاہتی ہے۔