پولیو مہم کو موثر اور کامیاب بنانے کیلئے حکومت نے امام کعبہ کی خدمات حاصل کرلیں، جلد دورہ پاکستا ن کا امکا ن ، امام کعبہ اس تاثر کو زائل کرینگے کہ پولیو کے قطرے حرام ہیں، ذرائع

پیر 3 فروری 2014 08:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3فروری۔2014ء) پولیو مہم کو موثرو کامیاب بنانے کیلئے امام کعبہ عنقریب پاکستان آئینگے، مختلف علاقوں کا دورہ بھی کرینگے،اس تاثر کو زائل کرینگے کہ پولیو کے قطرے حرام ہیں۔ باثوق ذرائع نے ”خبر رساں ادارے “ کو بتایا کہ ملک میں پولیو ٹیموں پر پے درپے دہشت گردی کے حملوں کے بعد پولیو مہم کو موثر اور کامیاب بنانے کیلئے حکومت نے امام کعبہ کی خدمات حاصل کرلی ہیں اور حکومت سعودی عرب سے مطالبہ کیاہے کہ پاکستان میں پولیو مرض کے خاتمے کیلئے پاکستان کی مدد کرے تاکہ اس موذی مرض کا خاتمہ کیا جاسکے۔

ذرائع کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے مثبت جواب آنے کے بعد عنقریب امام کعبہ پاکستان کے دورے پر آرہے ہیں اورپولیومہم کے سلسلے میں ملک کے مختلف حصوں کا دورہ بھی کرینگے اور اس تاثر کو زائل کرینگے کہ پولیو کے قطرے حرام ہیں یا اس کے کوئی دیگر نقصانات بھی ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اس سے قبل حکومت نے پاکستانی علماء کرام سے بھی رابطے کئے اورتبلیغی جماعت کے مرکزی رہنما مولاناطارق جمیل اور جمعیت علمائے اسلام س کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے بھی اس سلسلے میں اہم کردار ادا کیا تھا لیکن اس کے باوجود پولیو ٹیموں پر دہشت گردی کے حملے ہوتے رہے ہیں اور شدت پسندوں کی جانب سے تاثر دینے کی کوشش کی گئی تھی کہ پولیو کے قطرے حرام ہیں جس کے بعد کچھ علاقوں میں لوگونے بچوں کو پولیو کے قطرے پلوانے سے بھی انکار کردیا تھا اور کچھ کیسز بھی پولیو کے حوالے سے سامنے آگئے جس نے حکومت کو تشویش میں مبتلا کردیا تھا ۔

متعلقہ عنوان :