سندھ میں ایک مخصوص بزنس مین گروپ کو نوازنے کیلئے فرٹیلائزر پلانٹ کو سستی گیس کی فراہمی،موجودہ حکومت کی جانب سے قومی خزانے کو 80ارب روپے کے نقصان پہنچانے کا انکشاف

پیر 3 فروری 2014 07:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3فروری۔2014ء)مسلم لیگ(ن) کی حکومت کی جانب سے سندھ میں ایک مخصوص بزنس مین گروپ کو نوازنے کیلئے فرٹیلائزر پلانٹ کو سستی گیس فراہم کرکے قومی خزانے کو 80ارب روپے کے نقصان پہنچانے کا انکشاف ہوا ہے۔وزیراعظم سیکرٹریٹ کے اعلیٰ شخصیات کے دباؤ پر اقتصادی رابطہ کمیٹی نے رولز آف بزنس کو نظرانداز کرکے 16جنوری کو نئے معاہدے کی منظوری دے دی ہے،خبر رساں ادارے نے دستاویزات حاصل کرلیں۔

ذمہ دار ذرائع کے مطابق موجودہ حکومت کی طرف سے سندھ میں ایک مخصوص بزنس مین گروپ کے فرٹیلائزر پلانٹ کو سستی گیس فراہم کرنے کا معاہدہ کیا گیا ہے،جس کے تحت ماری گیس فیلڈ سے اینگرو کے فرٹیلائزر پلانٹ کو ماضی کی حکومت 3.3ڈالر فی یونٹ کے حساب سے گیس فراہم کی جارہی تھی تاہم اس بزنس مین گروپ کا تعلق مسلم لیگ(ن) سے ہے اور وزیراعظم سیکرٹریٹ میں بعض اعلیٰ شخصیات سے ان کے روابط ہیں۔

(جاری ہے)

موجودہ حکومت نے اس بزنس مین گروپ کو نوازنے کیلئے ماضی کے معاہدے کو نظرانداز کرکے 70سینٹس فی یونٹ کے حساب سے نئے معاہدے کی منظوری دے دی ہے،جس کی بناء پر سرکاری خزانے کو سالانہ کی بنیاد پر گیس ڈویلپمنٹ سرچارج کی مد میں 4ارب روپے اور گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ (CESS)کی مد میں بھی4ارب روپے سالانہ کی مد میں نقصان ہوگا،واضح رہے کہ گیس ڈویلپمنٹ سرچارج کا حصہ ہمیشہ صوبوں کو جاتا ہے اور یہ صوبائی ٹیکس ہوتا ہے،اس کی مد میں صوبہ سندھ کو ہر سال 4ارب روپے جانے تھے،جس سے اس کو محروم کردیاگیا،سیس جو کہ وفاقی ٹیکس ہوتا ہے کہ اس کی مد میں بھی 4ارب روپے سالانہ وفاقی حکومت کو موصول ہونا تھے ، تاہم ماضی کے معاہدے کو ختم کرکے بزنس مین گروپ کو نوازنے کیلئے ایک نیا معاہدہ کیا گیا ہے،جس کے تحت 3.3ڈالر فی یونٹ کے بجائے اب اس فرٹیلائزر پلانٹ کو 70سینٹس فی یونٹ کے حساب سے گیس فراہم کی جائے گی،یہ معاہدہ 10سال کیلئے کیا گیا ہے،اس طرح مجموعی طور پر قومی خزانے کو 10سال میں 80ارب روپے کا نقصان اٹھانا پڑے گا۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 16جنوری کو اس کی باضابطہ منظوری دے دی ہے،جس پر جلد عملدرآمد شروع ہوگا۔رولز آف بزنس کے تحت اقتصادی رابطہ کمیٹی کی بجائے اس کی منظوری مشترکہ مفاد کونسل سے لی جانی تھی جسے نظرانداز کردیاگیا ہے،یہ معاہدہ بزنس مین گروپ سے 10سال کیلئے کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :