وزیراعظم طالبان سے مذاکراتی عمل کی خود نگرانی کررہے ہیں ، پرویز رشید ، مذاکرات کامیاب ہونگے ، عمران خان کو طالبان سے مذاکرات کی کمیٹی میں شامل ہونا چاہیے ، میدان کھلا نہیں چھوڑنا چاہیے ، خضدار میں اجتماعی قبروں پرجوڈیشل انکوائری ہورہی ہے ، حقائق سامنے لائینگے ، وزیر اطلاعات ونشریات کی میڈیا سے گفتگو

منگل 4 فروری 2014 07:52

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4فروری۔2013ء) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ طالبان سے مذاکرات کامیاب ہوں گے ، وزیراعظم نواز شریف طالبان سے مذاکراتی عمل کی خود نگرانی کررہے ہیں ، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو طالبان سے مذاکرات کی کمیٹی میں شامل ہونا چاہیے ۔ میدان کھلا نہیں چھوڑنا چاہیے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے امن کے قیام کے لیے سنجیدہ اقدامات کئے ہیں اور مذاکراتی ٹیم بھی بنا دی ہے ۔

(جاری ہے)

طالبان کی طرف سے اچھی پیش رفت کا پیغام ملا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ طالبان کے ان گروپوں پر حکومت نے نظر رکھی ہوئی ہے جو مذاکرات کا حصہ نہیں بنیں گے ۔ وفاقی حکومت چاہتی ہے کہ امن قائم ہونا چاہیے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خضدار میں اجتماعی قبروں پر جوڈیشل انکوائری ہورہی ہے حقائق جلد سامنے آجائینگے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو طالبان کی پیشکش کو قبول کرنا چاہیے خان صاحب نے پہلے بھی طالبان کی ترجمان کی ہے اب ان کو باقاعدہ طورپر طالبان کا مقدمہ لڑنا چاہیے میدان سے بھاگنے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے ۔