چودھری نثار ہمارے وزیر داخلہ ہیں یا طالبان کے،بلاول بھٹو، میرا مقصد وزیراعظم بننا نہیں اگلے انتخابات میں پیپلز پارٹی کی کامیابی چاہتا ہوں، سندھ فیسٹیول پر تنقید کرنے والے لوگ اس کے مقصد کو نہیں سمجھ رہے۔ ملک میں جمہوریت، مشترکہ ثقافت اور تاریخ نے ہی ہمیں متحد کررکھا ہے، برطانوی اخبار کو انٹرویو، ٹوئٹر پر پیغام

منگل 4 فروری 2014 07:54

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4فروری۔2013ء )پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زراری نے کچھ روز کی چپ توڑ دی اور کہا ہے کہ سمجھ نہیں آ رہا چودھری نثار ہمارے وزیر داخلہ ہیں یا طالبان کے۔میڈیارپورٹس کے مطابق سندھ کلچرل فیسٹیول کے بعد بلاول بھٹو زرداری ایک بار پھر ٹویٹر پر متحرک ہو گئے ہیں۔ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں پیپلز پارٹی کے چئیرمین کا کہنا ہے چودھری نثار کے بیانات سے یہ اندازہ لگانا بے حد مشکل ہے کہ وہ پاکستانی حکومت کے وزیر داخلہ ہیں یا طالبان کے۔

بلاول بھٹو نے پیش کش کی کہ وہ قومی مفاد میں سینیٹر رحمان ملک کی خدمات بطور وزیر داخلہ پیش کرنے کو تیار ہیں۔ اس سے پہلے برطانوی اخبار کو دیے گئے ایک انٹر ویو میں بلاول بھٹو نے کہا سندھ فیسٹول میں پیش کی جانے والی ثقافت پاکستان کا اصل ورثہ ہے اور انہیں اس پر فخر ہے۔

(جاری ہے)

پندرہ روزہ سندھ فیسٹول کا مقصد شدت پسندی کو شکست دینا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا وہ طالبان میں سے نہیں بلکہ اس تہذیب کے رکھوالے ہیں۔

ان کا کہنا تھا جمہوری نظام نے ہمیں متحد کر رکھا ہے اور جمہوریت کی بدولت ہی ثقافت کا فروغ ممکن ہے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ان کا مقصد وزیراعظم بننا نہیں تاہم وہ دو ہزار اٹھارہ کے انتخابات میں اپنی پارٹی کی فتح کے خواہشمند ہیں۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا سیکورٹی کے باعث فیسٹول میں لوگوں کی آمد محدود رکھی گئی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم بننا ان کا مقصد نہیں وہ اگلے انتخابات میں پیپلز پارٹی کی کامیابی چاہتے ہیں۔

برطانوی اخبار ”دی ٹیلی گراف“ کو انٹرویو میں بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ فیسٹیول میں پیش کی جانے والی اصل ثقافت ہی پاکستان کا ورثہ ہے اور ہمیں اس پر فخر ہے، اس فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد بھی یہی ہے کہ ہماری اصل ثقافت کو اجاگر اور شدت پسندی کے خلاف ایک مرتبہ پھر کمر بستہ ہوا جائے اور اس کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔ اس فیسٹیول پر تنقید کرنے والے لوگ اس کے مقصد کو نہیں سمجھ رہے۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وہ بے نظیر بھٹو کے بیٹے ہیں اور اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ ملک میں جمہوریت، مشترکہ ثقافت اور تاریخ نے ہی ہمیں متحد کررکھا ہے۔ جمہوریت ہی کی بدولت ہمارے ملک کی ثقافت کا فروغ ممکن ہے جبکہ آمرانہ دور میں ایسا کرنے کی اجازت نہیں ہوتی۔