ماسکو،سکول میں فائرنگ،20طلباء یرغمال،پولیس اہلکار اور ایک استاد کے ہلاک ہونے کی اطلاع

منگل 4 فروری 2014 07:44

ماسکو( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4فروری۔2013ء)روس کے دارالحکومت ماسکو کے ایک سکول میں پیر کے روز ایک مسلح طالبعلم داخل ہوگیا اور20سے زائد نو عمر طلباء کو یرغمال بنا لیا،اس واقعہ میں ایک پولیس اہلکار اور ایک استاد کے ہلاک ہونے کی بھی اطلاع ہے،یہ بات سیکورٹی حکام نے بتائی ہے۔مسلح طالب علم ماسکو کے شمالی نواحی علاقوں میں قائم سکول نمبر263کے طلباء میں سے ایک تھا،یہ بات پولیس حکام نے بتائی۔

یرغمال بنائے جانے کے واقعہ میں ایک پولیس اہلکار اور بیالوجی کا ایک استاد ہلاک ہوگیا،جو رواں ہفتے سوچی میں شروع ہونے والے اولمپک کھیلوں کے آغاز پر روس میں سیکورٹی کے خدشات بڑھنے کا ایک تازہ واقعہ ہے۔ میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ پولیس کی حرکت میں آنے سے قبل مسلح طالب علم نے بیالوجی کلاس کے 20سے زائد طلباء اور ایک ٹیچر کو تقریباً30منٹ یرغمال بنائے رکھا۔

(جاری ہے)

فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ استاد اور پولیس اہلکار کی موت کیسے واقع ہوئی۔سکول کے اہلکار ایوی تارا شارا فیڈینووا نے ریاستی ٹی وی چینل ویستی 24کو بتایا کہ واقعہ کے بعد سکول سے تمام طلبہ اور اساتذہ کو باہر نکال لیا گیا ہے۔شارافیڈینووا نے ٹی وی چینل کے ساتھ بات چیت کے دوران کہا کہ تمام بچوں کو باہر نکال لیا گیا ہے اور یہاں پر کوئی بھی سکول کے اندر موجود نہیں۔

ویستی24نے کہا ہے کہ مسلح طالب علم کو گرفتار کرنے سے قبل اس نے کوئی مطالبات نہیں رکھے اور نہ ہی کوئی مذاکرات ہوئے ہیں۔روسی وزارت داخلہ کے ترجمان اینڈرائی پلی پچک نے ویستی 24کو بتایا کہ اسے بے اثر بنا دیا گیا ہے،بعد میں ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مسلح طالبعلم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔براہ راست فوٹیج میں دکھایا گیا کہ بچوں کا ایک گروپ سکول سے فرار ہوتے ہوئے باہر آرہا ہے اور ہنگامی وزارت کا ایک ہیلی کاپٹر فضاء میں پرواز کرتے ہوئے دکھایا گیا۔

متعلقہ عنوان :