موسم سرما کی شدت میں اضافہ، کوئٹہ سمیت بلوچستان کے شمالی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں آگئے ، نواحی علاقے کلی الہ آباد میں گیس غائب، علاقہ مکین ٹھٹھر کررہ گئے

منگل 4 فروری 2014 07:38

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4فروری۔2013ء) موسم سرما کی شدت میں اضافہ کے ساتھ کوئٹہ کے نواحی علاقے کلی الہ آباد میں گیس غائب علاقہ مکین ٹھٹھر کررہ گئے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے شمالی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں آگئے جس سے روز مرہ کی زندگی مکمل مفلوج ہوکر رہ گئی شدید سردی کیساتھ ہی گیس پریشر بھی بالکل ختم ہوگیا جس سے لوگ سردی سے ٹھٹھر گئے اور سینکڑوں بچے اور بوڑھے بیمار ہوگئے کوئٹہ کے علاقے کلی الہ آباد کے رہائشیوں ملک طاہر محمد شہی ،محمد ایوب ،نجیب اللہ و دیگر نے کہا کہ موسم سرما کی شدت میں اضافہ کے ساتھ گیس غائب ہوگئی ہے گزشتہ تین چار روز سے گیس کی عدم دستیابی کی وجہ سے انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے متعلقہ حکام سے متعدد بار رجوع بھی کیا لیکن کوئی شنوائی نہیں نہیں ہورہی گزشتہ کئی روز سے گیس پریشر سرے ہی غائب ہے اور چولہا جلانے کے قابل بھی نہیں، جس کی وجہ سے ایک جانب لوگوں کو سردی سے بچنے میں مشکلات کا سامنا ہے تو دوسری جانب شہریوں اور گھریلو صارفین کو کھانا تیار کرنے میں بھی مشکلات درپیش ہیں گیس کی عدم دستیابی اور موسم سرما کی شدت میں اضافہ کی وجہ سے بچے بیمار ہورہے ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت گیس پر یشر کو فوری بحال کرنے پر توجہ دے کیونکہ گھریلو صارفین بالخصوص خواتین کو صبح کے اوقات میں ناشتہ اور کھانا بنانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اگر گیس کی فراہمی اور گیس پریشر میں کمی کا مسئلہ فوری طور پر حل کرکے علاقہ مکینوں کو عذاب سے نجات نہ دلائی گئی تو علاقہ مکین احتجاج کا راستہ اپنا پر مجبور ہوجائیں گے جس کے بعد حالات کی تمام تر ذمہ داری حکومت وقت اور سوئی سدرن گیس انتظامیہ پر عائد ہوگی ۔