قوم کے جذبات اور ملک کا مفاد سب سے زیادہ عزیز ہے ،8فروری کو بگ تھری کے معاملے پر قومی مفاد کو ترجیح دینگے ‘ ذکاء اشرف، اجلاس میں شرکت سے قبل پیٹرن چیف سے رہنمائی لینا چاہتا ہوں ،ملاقات نہ ہوئی تو گورننگ بورڈ کے فیصلوں کے مطابق چلیں گے، بڑے بڑے بورڈز کی موجودگی میں بگ تھری کی قراردادکو منظور نہ ہونے دینا پاکستان کی فتح ہے ،مضبوط سٹینڈ کیوجہ سے بگ تھری کئی فیصلوں پر نظر ثانی کی ،نوازشریف جمہوری ملک کے وزیر اعظم ہیں ،مجھے امید ہے میرے معاملے میں کوئی غیر جمہوری اقدام نہیں اٹھائیں گے ،جنوبی افریقہ ،سری لنکا اور پاکستان کے درمیان ”جناح منڈیلاسیریز “ کے انعقاد کی تجویز بھی زیر غور آئی ہے‘چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ،گورننگ بورڈ نے بگ تھری پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے ،چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کی اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ

منگل 4 فروری 2014 07:36

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4فروری۔2013ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین چوہدری ذکاء اشرف نے کہا ہے کہ قوم کے جذبات اور ملک کا مفاد سب سے زیادہ عزیز ہے اور 8فروری کو آئی سی سی میں بگ تھری کے معاملے پر بھی قومی مفاد کو ترجیح دینگے ، اجلاس میں شرکت کیلئے روانگی سے قبل پیٹرن چیف وزیر اعظم نوازشریف سے ملاقات کرکے انکی رہنمائی لینا چاہتا ہوں تاہم اگر ملاقات نہ ہوئی تو گورننگ بورڈ کے فیصلوں کے مطابق چلیں گے ، بڑے بڑے بورڈز کی موجودگی میں بگ تھری کی قراردادکو منظور نہ ہونے دینا پاکستان کی بڑی فتح ہے ، ہمارے مضبوط سٹینڈ کی وجہ سے بگ تھری نے اپنے کئی فیصلوں پر نظر ثانی کی ہے ،نوازشریف ایک جمہوری ملک کے وزیر اعظم ہیں مجھے امید ہے کہ وہ میرے معاملے میں کوئی غیر جمہوری اقدام نہیں اٹھائیں گے ،جنوبی افریقہ ،سری لنکا اور پاکستان کے درمیان ”جناح منڈیلاسیریز “ کے انعقاد کی تجویز بھی زیر غور آئی ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوموار کے روز پاکستان کرکٹ بورڈ کے 28ویں گورننگ بورڈ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں 8فروری کوسنگا پور میں ہونیوالے آئی سی سی کے اجلاس میں بگ تھری کے معاملے پر مضبوط موقف اپنانے کیلئے تبادلہ خیال اور حکمت عملی طے کی گئی ۔ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان نے بتایا کہ گورننگ بورڈ نے بگ تھری پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے اوراس معاملے میں آئی سی سی کے آئندہ اجلاس میں بھرپور موقف اپنایاجائے گا ۔

گورننگ بورڈ نے کہا ہے کہ چیئرمین کی پیٹرن چیف سے ملاقات ہو جس میں رہنمائی لی جائے اور تمام فیصلوں کا بھی اختیار دیا گیا ہے ۔ گورننگ بورڈ نے ذکاء اشرف کے آئی سی سی کے گزشتہ اجلاس میں اٹھائے گئے موقف کو بھی سراہا ہے ۔ ذکاء اشرف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ میں آئی سی سی بگ تھری معاملے پر تمام ممبران نے کھل کر اپنی رائے کا اظہار کیا ہے اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ اس معاملے میں قومی مفاد کو مقدم رکھا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ سارے معاملات پیٹرن چیف پرنہیں چھوڑے گئے ،گورننگ بورڈ ایک منتخب فورم ہے جس میں ملک بھر سے نمائندگی ہے ۔ پیٹر ن چیف وزیر اعظم محمد نواز شریف کو ملاقات کے لئے دوبارہ خط لکھ دیا ہے اور میں چاہتا ہوں کہ ملاقات ہو جس میں بگ تھری کے معاملے پر انہیں آگاہی دے کر ان سے رہنمائی لی جائے تاہم اگر پیٹرن چیف سے ملاقات ممکن نہیں ہوتی تو پھر گورننگ بورڈ کے فیصلوں کو لے کر چلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے بورڈ سے مسلسل رابطے میں ہیں اورگورننگ بورڈ نے بنگلہ دیش کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہمارے مضبوط سٹینڈ لینے کی وجہ سے بگ تھری اپنے فیصلوں پر نظر ثانی پر مجبور ہوا ہے پہلے یہ تھاکہ آئی سی سی کی صدارت صرف تینوں ممالک کے درمیان رہے گی لیکن اب کہا گیا ہے کہ دو سال یہ صدارت بھارت کے پاس رہے گی اور اسکے بعد بورڈز کے انتخابات میں صدر کا فیصلہ کیا جائے گا اسکے علاوہ فنانس کمیٹی اور گورننس رویو کمیٹی میں پہلے یہ تینوں بورڈز شامل تھے لیکن ہم نے موقف اپنایا ہے کہ باقی بورڈز سے بھی تین سے چار ممبران منتخب ہوں تاکہ کسی کی اجارہ داری نہ رہے اور اس حوالے سے آئی سی سی کو لکھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عزت دی ہے کہ ہم نے بگ تھری کی قرارداد کو منظور نہیں ہونے دیا اور یہ بڑے بڑے بورڈز کی موجودگی میں ہماری فتح ہے ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان کی عوام کے جذبات اور ملک کامفاد عزیز ہے اور آئی سی سی بگ تھری کے معاملے پر پاکستان کے مفاد میں فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اجلاس میں یہ تجویز بھی دی گئی ہے کہ جنوبی افریقہ ، سری لنکا اور پاکستان ” جناح ،منڈیلا “ سیریز کھیلی جائے اور اس سے حاصل ہونے والی آمدنی برابر تقسیم کی جائے ۔

بھارت سے سیریز کے لئے بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ سے بات چیت جاری ہے اور اس میں وہی فیصلہ کریں گے جو پاکستان کے مفاد میں ہوگا۔ بھارت کو تجویز دی ہے کہ متحدہ عرب امارا ت یا دوسرے کسی نیوٹرل مقام پرسیریز کھیل لی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی میں سکیورٹی سب سے بڑی رکاوٹ ہے اور اس میں ابھی مزید وقت درکار ہے ۔ انہوں نے اس سوال کہ اطلاعات کے مطابق آپ کو ایک فیصلے کے ذریعے عہدے سے ہٹا دیا جائے گا کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پیٹرن چیف وزیر اعظم نواز شریف ایک جمہوری ملک کے وزیر اعظم ہیں وہ اس معاملے میں کوئی بھی غیر جمہوری اقدام نہیں اٹھائیں گے ۔