عدلیہ نے ہٹایا تھا اور پھر عدلیہ نے ہی مجھے بحال کیا ہے ،ذکاء اشرف، تین ممالک نے کرکٹ پر اجارہ داری کیلئے آئی سی سی کو تجویز دی تھی ، ہم نے فیصلہ کیا ان کے پہلے حملے کو ناکام بنانا ہے، بگ تھری سمیت تمام ممالک سے تعلقات بہتر رکھنا چاہتے ہیں اس سلسلے میں بیک ڈور ڈپلومیسی جاری ہے ، سرتاج عزیز سے ملاقات کرکے پی سی بی میں ہونے والے فیصلوں سے انہیں آگاہ کردیا ، وزیراعظم کو بھی خط لکھ دیا گیا ہے جلد ملاقات بھی کرونگا ، کوچز کی تعیناتی کیلئے اشتہار دے دیا ، ظہیر عباس نے نہ کردی مگر وسیم اکرم نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا ہے ، اسلام آباد سٹیڈیم کیلئے جگہ خرید لی گئی ہے ، نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس

بدھ 5 فروری 2014 04:30

ء اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5فروری۔2014ء) پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کے چیئرمین ذکاء اشرف نے کہا ہے کہ عدلیہ نے ہٹایا تھا اور پھر عدلیہ نے ہی مجھے بحال کیا ہے ، تین ممالک نے کرکٹ پر اجارہ داری کیلئے آئی سی سی کو تجویز دی تھی ، ہم نے فیصلہ کیا ان کے پہلے حملے کو ناکام بنانا ہے اور اللہ کے فضل وکرم سے ہم کامیاب ہوئے ، بگ تھری سمیت تمام ممالک سے تعلقات بہتر رکھنا چاہتے ہیں اس سلسلے میں بیک ڈور ڈپلومیسی جاری ہے ، سرتاج عزیز سے ملاقات کرکے پی سی بی میں ہونے والے فیصلوں سے انہیں آگاہ کردیا ہے ، وزیراعظم کو بھی خط لکھ دیا گیا ہے جلد ملاقات بھی کرونگا ، کوچز کی تعیناتی کیلئے اشتہار دے دیا ، ظہیر عباس نے نہ کردی مگر وسیم اکرم نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا ہے ، اسلام آباد سٹیڈیم کیلئے جگہ خرید لی گئی ہے ، فائیو سٹار ہوٹل بنانے کا بھی آئیڈیا ہے تاکہ بیرونی ملک سے آنے والی ٹیموں کو فول پروف سکیورٹی دی جاسکے ، پی سی بی میں اکھاڑ بچھاڑ کا کوئی ارادہ نہیں ہے ، حکومت مجھے نہیں ہٹائے گی کوئی ایسا کام نہیں کرے گی جو جمہوریت اور کرکٹ کیلئے نقصان دہ ہو ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

میٹ دی پریس میں صحافیو ں سے گفتگو کرتے ہوئے پی سی بی کے چیئرمین چوہدری ذکاء اشرف نے کہا ہے کہ عدلیہ نے مجھے ہٹایا تھا اور عدلیہ نے ہی مجھے دوبارہ بحال کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تین ممالک بھارت ، آسٹریلیا اور انگلینڈ آئی سی سی کو تجویز دی تھی کہ تین ملکوں اجارہ داری ہوگی دیگر ممالک کا وہ سٹیٹس نہیں ہوگا جو ان کا ہے جبکہ آئی سی سی کے اجلاس میں شرکت کیلئے پہنچا تو مجھے بگ تھری سے متعلق پتہ چلا جس کے بعد ہم نے دیگر ممالک کے ساتھ بات کی جن میں سری لنکا ، ساؤتھ افریقہ اور بنگلہ دیش شامل ہیں ۔

ہم نے یہ فیصلہ کیا کہ ان تینوں ممالک کے پہلے حملے کو ناکام بنانا ہے جس میں ہم اللہ کی مہربانی سے کامیاب ہوئے اجلاس میں ویسٹ انڈیز نے بھی ہماری حمایت کی اور وہ جس جلدی میں اپنی تجویز منظور کرانا چاہتے تھے اس میں وہ ناکام رہے ۔ انہوں نے کہا کہ آٹھ فروری کو سنگاپور میں دوبارہ اجلاس ہوگا اس حوالے سے دیگر ممالک کے بورڈز سے رابطے میں ہیں بھارت ، انگلینڈ، آسٹریلیا ، بنگلہ دیش سمیت تمام ممالک کے ساتھ تعلقات بہتر رکھنا چاہتے ہیں اس لئے ان سے بیک ڈور ڈپلومیسی جاری ہے آئندہ میٹنگ کے حوالے سے دفتر خارجہ میں وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات کرکے پی سی بی میٹنگ کے دوران ہونے والوں فیصلوں سے انہیں آگاہ کردیا ہے اور انہیں کہا ہے کہ اس پر مثبت پیش رفت ہوگی ۔

اس حوالے سے وزیراعظم کو بھی خط لکھ دیا ہے اور درخواست کی ہے کہ وہ بھی اس حوالے سے اپنا موقف دیں ملک کے مفاد میں جو بھی ہوا وہ کرینگے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نئے کوچز کی تعیناتی کیلئے اشتہار دے دیا ہے اس حوالے سے ظہیر عباس سے بات کی تو انہوں نے انکار کردیا ۔ وسیم اکرم سے درخواست کی ہے کہ انہوں نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔

چھ فروری کو کمیٹی کی میٹنگ ہے جس میں فیصلہ کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سٹیڈیم کے حوالے سے ہم بڑے عرصے سے کوشش کررہے تھے سٹیڈیم کیلئے زمین خرید لی ہے وہاں پر چار دیواری بنا کر پی سی بی کے دفتر بھی بنا دیئے گئے ہیں تاکہ وہاں پر موجودگی رہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک فائیو سٹار ہوٹل بنانے کا آئیڈیا ہے اسی کے ساتھ سٹیڈیم ہوگا تاکہ ٹیمو ں کو سکیورٹی فری ماحول فراہم کیاجاسکے ۔

بیرون ملک سے آنے والی ٹیموں کو ائرپورٹ سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے سٹیڈیم میں لایا جاسکتا ہے جہاں پر وہ میچ کھیلیں اور وہی قیام کریں اور ان کیلئے وہی پر ہوٹل بھی موجود ہوں تاکہ پاکستان میں عالمی کرکٹ کو بحال کیا جاسکے ۔ پی سی بی بورڈ میں اکھاڑ بچھاڑ کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بورڈ میں اکھاڑ بچھاڑ نہیں کی جائے گی تاہم میں چاہتا ہوں ایسے لوگ ہوں جو سرگرم ہوں تاکہ لوکل سطح پرکرکٹ بہتر ہوسکے ۔

چیف سلیکٹر کی تعیناتی بھی اسی لئے کی گئی ہے انہوں نے کہا کہ بھارت کی ویلیو بہت زیادہ ہے بھارت کیلئے میڈیا حقوق کی ویلیو پوری دنیا میں سب سے زیادہ ہے ۔ سری لنکا ، جنوبی افریقہ اور پاکستان کے علاوہ سب کا جھکاؤ بھارت کی طرف ہے بھارت کے ساتھ سب اچھے تعلقات رکھنے کے خواہاں ہیں بھارت نے پہلے بھی پاکستان کو بہت زیادہ پیشکش کی جو ہم نے نہیں مانی تھیں ہم وہی کرینگے جو ملک کے حق میں بہتر ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش میں کرکٹ ٹورنامنٹ کے حوالے سے وزارت خارجہ کو پاکستانی سکیورٹی ٹیم کے دورے سے متعلق بتایا ہے ۔ آئی سی سی کی سکیورٹی ٹیم نے بھی وہاں کا دورہ کیا اور کہا ہے کہ وہاں کے حالات اطمینان بخش ہیں ۔ ہماری سکیورٹی ٹیم نے کہا ہے کہ باکس سکیورٹی دیں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں حکومت مجھے نہیں ہٹائے گی اور کوئی ایسا کام نہیں کرے گی جو جمہوریت کیخلاف ہو اگر حکومت ایسا کرتی ہے تو یہ کرکٹ کیلئے نقصان دہ ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم مصروف ہیں امید ہے وہ جلد ملاقات کیلئے ٹائم دینگے پاکستان کرکٹ بورڈمیں جتنے بھی فیصلے کئے گئے ہیں وہ پاکستان کی کرکٹ کی بہتری کیلئے کئے گئے ہیں سب ایک پلیٹ فارم پر ہوں تو تب ہی بات بنے گی ورنہ طاقت نہیں ہوگی ۔