”لے کے رہیں گے آزادی“اسلام آبادمیں یوم یکجہتی کشمیر پر بڑی ریلی،سیکولر لابی عوام اور فوج کو لڑانا چاہتی تھی، وزیراعظم نے مذاکرات کا اعلان کرکے سازش ناکام بنا دی،بھارت خطہ کا تھانیداربننے کا خواب دیکھنا چھوڑ دے،منور حسن، ایران بتائے امریکہ کے ساتھ اس کا معاہدہ کیسے ہوگیا ، وزیراعظم کا مظفر آباد جا کر کشمیریوں سے اظہاریکجہتی لائق تحسین ہے، عبدالرشید ترابی،حکمرانوں نے مسئلہ کشمیر پر سودے بازی کی تو یہ ان کیلئے ڈیتھ وارنٹ ثابت ہوگی، میاں اسلم

جمعرات 6 فروری 2014 02:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6فروری۔2014ء) امیر جماعت اسلامی منور حسن نے کہا ہے کہ سیکولر لابی عوام اور فوج کو لڑانا چاہتی تھی، وزیراعظم نے مذاکرات کا اعلان کرکے سازش ناکام بنا دی، کشمیر کے معاملے پر اصولی موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے کشمیریوں کی حمایت اور تائید جاری رکھی جائے گی ، عنقریب بھارت ، امریکہ ، نیٹو اور دیگر طاغوتی قوتوں کو شکست فاش ہوگی ، امریکہ سمیت تمام طاغوتی قوتیں مسلم ممالک اور ان کے ذخائر پر قبضہ کرنا چاہتی ہیں بھارت خطے کا تھانیدار بننے کا خواب چھوڑ دے ، ایران بتائے امریکہ کے ساتھ اس کا معاہدہ کیسے ہوگیا ، جبکہ عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ پانچ فروری کو پوری قوم یکجا ہوگئی ہے اور وزیراعظم کا مظفر آباد جا کر کشمیریوں سے اظہاریکجہتی لائق تحسین ہے، میاں اسلم نے کہا کہ حکمران بھارت سے آلو پیاز کی تجارت کی بجائے مسئلہ کشمیر حل کرائیں اور اگر حکمرانوں نے مسئلہ کشمیر پر کوئی سودے بازی کی تو یہ ان کے اقتدار کیلئے ڈیتھ وارنٹ ثابت ہوگی ۔

(جاری ہے)

بدھ کے روز 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام مقبوضہ کشمیر کے مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلی کا اہتمام کیا گیا ۔ اظہار یکجہتی ریلی چائنہ چوک سے ڈی چوک تک نکالی گئی، ریلی کی قیادت جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی ، نائب امیر جماعت اسلامی میاں اسلم اوردیگر قائدین نے کی ۔

ریلی ڈی چوک پر پہنچ کر جلسے کی شکل اختیار کرگئی ۔ ریلی سے امیر جماعت اسلامی سید منور حسن ، امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر عبدالرشید ترابی ، نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم ، اسلام آباد حریت کانفرنس کے رہنماؤں سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے کہا کہ اس وقت مسلم امہ انتہائی مشکل حالات سے گزر رہی ہے کشمیر ، فلسطین ، افغانستان ، شام ، مصر اور برما سمیت دنیا کے مختلف جگہوں پر مسلمانوں کا قتل عام ہورہا ہے اور ان کے حقوق غضب کئے جارہے ہیں لیکن اس کے باوجود اسلامی تحریکوں کے قافلے اپنی منزل کی جانب بڑھ رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ سمیت تمام طاغوتی قوتیں مسلم ممالک اور ان کے ذخائر پر قبضہ کرنا چاہتی ہیں لیکن وہ انجام یاد رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امریکہ اورنیٹو فورسز کو تاریخ کی بدترین شکست ہوئی ہے آج وہ افغانستان سے بھاگنے کے راستے تلاش کررہا ہے ۔ امریکہ بتائے کہ وہ افغانستان کیا لینے آیا تھا دنیا کی ساٹھ فیصد فوج بھی اسامہ کو تلاش نہ کرسکی اور امریکہ نے بزدلانہ حملہ کرکے رات کی تاریکی میں اسامہ بن لادن کو شہید کیا لیکن جیتے جی اسے گرفتار نہ کرسکے ۔

افغانستان روس کے بعد امریکہ اور نیٹو فورسز کا قبرستان بن گیا ہے اور بالاخر قابض امریکیوں اورنیٹو فورسز نے فرار کیلئے مذاکرات کا راستہ اختیار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب دنیا پر ثابت ہورہا ہے کہ مسائل طاقت سے نہیں بلکہ مذاکرات سے حل ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیکولر طبقہ فوج اور عوام کو آپس میں لڑانا چاہتاتھا ، ان میں نفرت کے بیج بونا چاہتا تھا اور قومی اتفاق رائے کے فیصلے کے بعد ملک میں افراتفری اور انارکی پھیلانا چاہتاتھا لیکن وزیراعظم میاں نواز شریف کے مذاکرات کے اعلان کے بعد ان دشمن عناصر کے ہاتھوں کے طوطے اڑ گئے اور وزیراعظم کا مذاکرات کا اعلان کرنا نہ صرف خوش آئند ہے بلکہ یہ عوام کی فتح ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر کے بعد بنگلہ دیش پر اپنا تسلط قائم کرنا چاہتا ہے اور اسے بھارتی کالونی بنانا چاہتا ہے جبکہ افغانستان کیلئے بھی اس کے خطرناک عزائم ہیں اور وہ خطے کا تھانیدار بننا چاہتا ہے لیکن یاد رکھے کہ افغانی قوم ہندوستان کو مشرک سمجھتی ہے اوراسے ناکوں چنے چبوا دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اس خطے سے جارہا ہے لیکن ہماری قوم کو اس سلسلے میں دانشمندی کا مظاہرہ کرنا ہوگا کیونکہ آنے والے دنوں میں اسے مزید چیلنجز درپیش ہونگے ۔

انہوں نے کہا کہ شام اور افغانستان میں مذاکرات کی بجائے طاقت کا استعمال کیا گیا جس کے بعد عوام سینہ سپر ہوکر میدان میں اترے اور آج وہاں کی صورتحال سب کے سامنے ہے اس لئے ہم چاہتے ہیں کہ کشمیر فلسطین سمیت تمام مسائل مذاکرات سے حل ہوں انہوں نے امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والے حالیہ معاہدے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران بتائے کے اچانک امریکہ سے اس کا معاہدہ کیسے ہوگیا ۔

اس موقع پر انہوں نے کشمیریوں کی جنگی آزادی کی تحریک کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کی مدد اور حمایت ہمیشہ جاری رکھیں گے اور کبھی اس سے دستبردار نہیں ہونگے اب بھارت کی سن لے کہ اب ظلم کے دن گنے جا چکے ہیں ۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر عبدالرشید ترابی نے کہا کہ پانچ فروری کو پوری قوم یکجا ہوگئی ہے اور وزیراعظم کا مظفر آباد جا کر کشمیریوں سے اظہار یکجتی لائق تحسین ہے پاکستان کو کشمیر پر اپنے اصولی موقف کو دنیا میں بھرپور طریقے سے اجاگر کرنا ہوگا ۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی میاں اسلم نے کہا کہ حکمران بھارت سے آلو پیاز کی تجارت کی بجائے مسئلہ کشمیر حل کرائیں اور اگر حکمرانوں نے مسئلہ کشمیر پر کوئی سودے بازی کی تو یہ ان کے اقتدار کیلئے ڈیتھ وارنٹ ثابت ہونگے ۔