بچوں کے جنسی استحصال میں ملوث پادریوں کو فوری طور پر برطرف کر دیا جائے،اقوام متحدہ کا ویٹی کن سے مطالبہ

جمعرات 6 فروری 2014 02:03

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6فروری۔2014ء)اقوامِ متحدہ نے ویٹیکن سے مطالبہ کیا ہے کہ بچوں کے جنسی استحصال میں ملوث پادریوں کو فوری طور پر برطرف کر دیا جائے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق بدھ کو جاری ہونے والی رپورٹ میں اقوامِ متحدہ کے حقوقِ اطفال کے ادارے نے ویٹیکن کی ان پالیسیوں پر کڑی تنقید کی جن کی وجہ سے بقول ان کے پادریوں کو ہزاروں بچوں کا جنسی استحصال کرنے کا موقع ملا۔

اقوام متحدہ کی حقوق اطفال کے نگراں ادارے نے کہا ہے کہ ویٹیکن کو ایسے تمام پادریوں کو فوری طور پر ہٹا دینا چاہیے جنہوں نے بچوں کا جنسی استحصال کیا ہے یا جن پر جنسی استحصال کرنے کا شبہ ہے۔اقوام متحدہ نے ہم جنس پرستی، مانع حمل اور اسقاط حمل جیسے مسائل پر ویٹیکن کے نظریے پر بھی کڑی تنقید کی۔

(جاری ہے)

ویٹیکن نے چرچ میں بچوں کے جنسی استحصال کو روکنے کے لیے ایک نگراں کمیشن تشکیل دے رکھا ہے۔

رپورٹ میں اقوام متحدہ کی حقوق اطفال کمیٹی نے کہا کہ ویٹیکن کے ادارے ’ہولی سی‘ کو ان پادریوں کی فائلیں دوبارہ کھولنی چاہییں جنہوں نے بچوں کے استحصال کے جرائم کو چھپایا ہے تاکہ انہیں ذمہ دار ٹھہرایا جا سکے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ویٹیکن نے جرائم کی سنجیدگی کو قبول نہیں کیا اور اس کی وجہ سے کمیٹی بہت فکر مند ہے۔اقوام متحدہ کی اس رپورٹ پر ابھی تک ویٹیکن نے کوئی رد عمل نہیں دیا ہے۔

روم میں برطانوی نشریاتی ادارے کے عہدیدار کا کہنا ہے کہ ویٹیکن نے پادریوں کے ہاتھوں بچوں کے جنسی استحصال کی روک تھام کے لیے نئے ضوابط بنائے ہیں۔امریکہ میں استحصال کا شکار ہونے والے متاثرین کی نمائندہ تنظیم کی صدر بابرا بلین نے برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقوامِ متحدہ کی رپورٹ ان باتوں کی توثیق کرتی ہے جو ہم کہہ رہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ چرچ کے حکام اس بارے میں جانتے تھے اور انہوں نے اسے روکنے سے انکار کیا۔ کچھ نہیں بدلا، پوپ فرانسس اور ویٹیکن کے حکام کی جانب سے بیانات کے باوجود انہوں نے وہ اقدامات کرنے سے انکار کر دیا جن سے ان واقعات کو روکا جاسکتا تھا۔اس سے پہلے بھی ویٹیکن نے تصدیق کی تھی کہ پوپ بینیڈکٹ نے ایک سال میں بچوں سے جنسی استحصال کے معاملے پر قریباً 400 پادریوں کو مذہبی منصب سے محروم کیا ہے۔حال ہی میں اقوامِ متحدہ میں پہلی بار پادریوں اور راہبوں کے ہاتھوں بچوں کے استحصال کے معاملے میں ویٹیکن کی سرِ عام مخالفت کی گئی۔

متعلقہ عنوان :