نوازشریف نے آزادجموں کشمیر حکومت کو ایک بار پھر کلین چٹ دیدی، مسلم لیگ ن اور بیرسٹر سلطان و دیگرحکومت مخالف رہنماؤں کی امیدوں پر اوس پڑ گئی

جمعرات 6 فروری 2014 01:56

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6فروری۔2014ء)وزیراعظم محمد نوازشریف نے آزادجموں کشمیر حکومت کو ایک بار پھر کلین چٹ دیدی ہے جس سے مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعظم آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری ان دیگر رہنماؤں کی امیدوں پر اوس پڑ گئی ہے جو مختلف حیلوں بہانوں سے آزادکشمیر حکومت کو گرانے کیلئے کوشاں ہیں۔

(جاری ہے)

بدھ کو آزادجموں کشمیر قانون ساز اسمبلی اور آزاد کشمیر کونسل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد نوازشریف نے واضح طور پر یقین دلایا کہ آزاد کشمیر میں کوئی مداخلت نہیں ہوگی ہمیں آزادکشمیر کی ترقی کیلئے مل کر کام کرنا ہے ۔

انہوں نے مقامی حکومت پر زور دیا کہ اس کی ساری توجہ بھی عوام کی خوشحالی پر مرکوز رہی چاہئے ہم مکمل تعاون کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم برداشت ، ہم آہنگی اور قانون کی بالادستی کی سیاست چاہتے ہیں اور ہماری خواہش ہے کہ رواداری کی سیاست فروغ پائے اس سے پورے ملک کو فائدہ ہوگا ۔انہوں نے اس موقع پر آزادکشمیر میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا بھی اعلان کیا جس کی موجود ارکان نے ڈیسک بجا کر بھرپور تحسین کی۔