کراچی،ریلوے لائن دھماکے کے باعث ٹرینوں کی اندرون ملک آمد اور روانگی متاثر،مسافروں کو 5سے6گھنٹے تاخیر کاسامنا کرنا پڑا ،دھماکے کی تحقیقات کیلئے محکمہ ریلوے نے 4رکنی کمیٹی تشکیل،پولیس کی ابتدائی رپورٹ اعلیٰ حکام کو پیش،دو بم دھماکوں سے ریلوے لائن کو نقصان پہنچایا گیا

جمعرات 6 فروری 2014 01:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6فروری۔2014ء)ریلوے لائن دھماکے کے باعث کراچی سے ٹرینوں کی اندرون ملک آمد اور روانگی متاثر،مسافروں کو 5سے6گھنٹے تاخیر کاسامنا کرنا پڑا،گھگر پھاٹک کے قریب ریلوے لائن کو دھماکے سے اڑنے کے تحقیقات کے لئے محکمہ ریلوے نے 4رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ،پولیس کی ابتدائی رپورٹ اعلیٰ حکام کو پیش ،دو بم دھماکوں سے ریلوے لائن کو نقصان پہنچایا گیا،ریلوے لائن کی مرمت کا کام جاری ہے ۔

تفصیلات کے مطابق کراچی سے لاہور جانے والی شالیمار ایکسپریس کومنگل کی شب گھگر پھاٹک اور دھابیجی کے درمیان بم دھماکے زریعے نشانہ بنایا گیا ۔بدھ کی صبح سے ریلوے ٹریک کی بحالی کا کام ریلوے حکام نے شروع کر دیا ۔بدھ کو کراچی سے ٹرینوں کی اندرون ملک روانگی اورآمد ورفت متاثر رہی ۔

(جاری ہے)

ریلوے ذرائع کے مطابق سنگل ٹریک کے زریعے متاثرہ مقام سے ٹرینوں کو گزارا گیا ۔

جس کے باعث ٹرینوں کی روانگی اور آمد میں 5سے6گھنٹے تاخیر ہوئی جس سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔دوسری جانب ریلوے حکام نے واقعہ کی تحقیقات کے لئے 4رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے ۔ریلوے ذرائع کے مطابق کمیٹی کے سربراہ چیف آپریٹنگ افسر محمود الحسن ہوں گے جب کہ کمیٹی میں چیف انجینئر ظفر اللہ ،انصار بلاح او رمنیر چشتی شامل ہونگے۔ ریلوے لائن کو دھماکے سے اڑنے کی پولیس نے بھی تفتیش شروع کر دی ہے ۔

پولیس ذرائع کے مطابق پولیس نے ابتدائی رپورٹ اعلیٰ حکام کو ارسال کر دی ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حاجی قادر گوٹھ کے قریب ریل کی پٹری پر دھماکے کی جگہ کا معائنہ کیا۔ ٹیم ایک گھنٹے تک جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹا کرتی رہی۔ ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق دہشت گردوں نے پٹری کو تباہ کرنے کے لیے انتہائی مختصر فاصلے پر دو دھماکے کے لیے اور دونوں دھماکوں کے لیے4 سے 5 کلو دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا۔

دونوں دھماکے ریمورٹ کنٹرولڈ تھے۔ دھماکوں سے ساڑھے3 فٹ پٹری تباہ ہوگئی۔ واضح رہے کہ منگل کی شب ریلوے لائن پر دھماکے کے نتیجے میں شالیمار ایکسپریس کی 6بوگیاں الٹ گئیں تھیں ۔جس کے نتیجے میں 27افراد زخمی ہوگئے تھے ۔جنہیں طبی امداد کے لئے کراچی کے جناح اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں سے22زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد گھر روانہ کر دیا گیا جب کہ5زخمیوں کو اسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے ۔پولیس کے مطابق دھماکہ خیز مواد سے کوئی فرد زخمی نہیں ہوا تمام زخمیوں کو بوگیاں الٹنے سے چوٹ لگی ہے۔

متعلقہ عنوان :