شہباز شریف سے صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن اختر رسول کی ملاقات،وزیر اعلی پنجاب کا پاکستان ہاکی فیڈریشن کے لئے 10کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ کا اعلان ،وزیراعلی کی ہدایت پر وزیرکھیل کی سربراہی میں ہاکی کی بحالی کے لئے خصوصی کمیٹی قائم

جمعرات 6 فروری 2014 01:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6فروری۔2014ء)وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر اختر رسول نے یہاں ملاقات کی- ملاقات میں صوبائی وزیر تعلیم و کھیل رانا مشہود احمد خاں ، سیکرٹری سپورٹس محمد خان کھچی اور ڈی جی سپورٹس عثمان انور بھی موجودتھے-وزیراعلی نے ہاکی کے کھیل کی بحالی اور صوبہ بھر میں نچلی سطح پر ٹیلنٹ کھلاڑیوں کی تلاش کے لئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے لئے 10کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ کا اعلان کیا- وزیراعلی محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے قومی کھیل ہاکی کی بحالی کے لئے ہرممکن اقدام کریں گے اور 10کروڑ روپے کی گرانٹ ہاکی کے کھیل کی بحالی اور ٹیلنٹ کی تلاش پر خرچ کی جائے گی- وزیراعلی نے وزیر کھیل کی سربراہی میں ہاکی بحالی کے لئے ایک اعلی اختیاراتی کمیٹی تشکیل دی- یہ اختیاراتی کمیٹی ہاکی کے کھیل کے فروغ کے لئے اپنی سفارشات پیش کرے گی۔