ملک میں لوکل کرکٹ کے ذریعے عالمی معیار کی کرکٹ کو برقرار رکھنے کی کوشش کررہے ہیں، انتخاب عالم ، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ بڑی تعداد میں ڈومیسٹک کرکٹ کیلئے سپانسر آئے ہیں، لوکل سطح پر کرکٹ کو فروغ ملے گا،پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر کی پریس کانفرنس،لوکل ٹی 20 ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی 11 ٹیموں کو لوگو بھی دئیے گئے

جمعرات 6 فروری 2014 01:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6فروری۔2014ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انتخاب عالم نے کہا ہے کہ ملک سے عالمی کرکٹ کے خاتمے کے بعد لوکل کرکٹ کے ذریعے عالمی معیار کی کرکٹ کو برقرار رکھنے کی کوشش کررہے ہیں‘ جنوبی افریقہ نے بھی اسی طریقے سے بقاء کی۔ بدھ کو یہاں ایک مقامی ہوٹل میں ٹی 20 کے حوالے سے پی سی بی‘ فیصل بینک اور دیگر سپانسرز نے پریس کانفرنس کی۔

اس موقع پر لوکل ٹی 20 ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی 11 ٹیموں کو لوگو بھی دئیے گئے۔ اس موقع پر انتخاب عالم نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ اتنی بڑی تعداد میں ڈومیسٹک کرکٹ کیلئے سپانسر آئے ہیں اس سے لوکل سطح پر کرکٹ کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی ٹیمیں یہاں نہیں آرہیں اسلئے ہم لوکل کرکٹ کے فروغ کے ذریعے کوشش کررہے ہیں کہ ملکی کرکٹ کو بحال رکھا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جنوبی افریقہ نے بھی ایسا ہی کیا تھا جب وہاں عالمی کرکٹ ختم ہوگئی تھی۔ زونگ نے سب سے زیادہ ٹیمیں سپانسر کی ہیں۔ فیصل بینک کے نمائندے ظفر بشیر نے کہا کہ فیصل بینک کرکٹ کے فروغ کیلئے پی سی بی سے تعاون جاری رکھے گا۔ پہلے جو پودا لگایا تھا اب وہ ایک تناور درخت بن چکا ہے۔ عالمی کرکٹ یہاں نہیں ہورہی لیکن ہم کوشش کررہے ہیں کہ لوکل کرکٹ کے ذریعے ملک میں اس کھیل کو زندہ رکھا جائے۔