حکومت بجلی چوروں کو کسی صورت نہیں چھوڑے گی ، عابد شیر علی ، اداروں میں بہتری کیلئے اہل افراد کو لگایا جائے گا ، حکومتی مذاکراتی کمیٹی بااختیار ہے ، چیئرمین پی سی بی کو آئین و قانون کے مطابق عہدے سے ہٹایا گیا ، کراچی میں قانون نافذ کنے والے ادارے امن وامان کیلئے اپنا فرض انجام دے رہے ہیں ، میڈیا سے گفتگو

منگل 11 فروری 2014 04:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11فروری۔2014ء) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ حکومت بجلی چوروں کو نہیں چھوڑے گی ، چیئرمین پی سی بی کو آئین و قانون کے مطابق عہدہ سے ہٹایا گیا ، اداروں میں بہتری کیلئے اہل افراد کو لگایا جائے گا ، حکومتی مذاکراتی کمیٹی انتہائی بااختیار ہے ، قوم مذاکراتی کمیٹیوں کی سفارشات کا انعقاد کرے ، عوام کے بہترین مفاد میں حکومت فیصلہ کرے گی ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر مملکت نے کہا کہ بجلی چور قومی مجرم ہیں جن کیخلاف جاری آپریشن کسی صورت ختم نہیں ہوگا بجلی چوروں کو آئین و قانون کے مطابق سزائیں دینگے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کرکٹ بورڈ کے سربراہ ذکاء اشرف کو آئین و قانون کے مطابق اپنے مکمل اختیارات استعمال کرتے ہوئے ہٹایا تاکہ کرکٹ میں کھویا ہوا مقام حاصل کیا جاسکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے ذاتی مفادات کی خاطر اداروں کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے جسے موجودہ حکومت دوبار ہ بہتر کرنے کیلئے اہل افراد کو لگا رہی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی انتہائی بااختیار ہے قوم انتظار کرے طالبان سے مذاکرات کرنے والی کمیٹی کی سفارشات کے بعد حکومت آئین و قانون کے مطابق فیصلہ کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں قانون نافذ کرنے والے ادارے امن وامان کے قیام کیلئے اپنا فرض سرانجام دے رہے ہیں اور تمام معاملات بہتری کی جانب گامزن ہیں ۔