پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھاری جانی نقصان برداشت کیا‘ پرویز رشید،امریکہ کے ساتھ تعلقات ہماری خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہیں‘ امریکی میڈیا نمائندوں سے گفتگو

بدھ 12 فروری 2014 07:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12فروری۔2014ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں بھاری جانی نقصان برداشت کیا ہے‘ عالمی برادری پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرے۔ امریکہ سے تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم جز ہے۔ اسلام آباد میں امریکی ذرائع ابلاغ کے وفد سے ملاقات میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ باہمی اعتماد اور وقار کی بنیاد پر امریکہ سے تعلقات کو وسیع کرنا چاہتے ہیں۔

ذرئع ابلاغ پاک امریکہ تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے وفود کے تبادلے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس شعبے میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔ پاکستان میں میڈیا آزاد ہے اور نگران ادارے کے طور پر کام کررہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عدلیہ مکمل خود مختار اور سول سوسائٹی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لئے فعال کردار ادا کررہی ہے ملک میں پہلی بار عوام کو محصولات آئینی طور پر رسائی دی گئی ہے تاکہ ملک میں شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ ترقی کی کوششوں میں امریکہ کا پاکستان سے اقتصادی تعاون قابل ستائش ہے ۔ امریکہ سے تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم جز ہے‘ پاکستان ان تعلقات کی قدر کرتا ہے۔ امریکی میڈیا کے وفد سے پاکستان میں میڈیا کو آزادی فراہم کرنے کی حکومتی کوششوں کو سراہا اور توقع ظاہر کی کہ اس سے ملک میں جمہوریت مستحکم ہوگی۔