طالبان سے مذاکرات،2 روز میں قوم کو خوشخبری دیں گے،مولانا محمد یوسف ،آج امن بریک تھرو ہوگا، فائربندی کے بعد تمام معاملات طے کر لیں گے،12 سال کے گند کو صاف کرنے میں کچھ وقت تو لگے گا، طالبان کمیٹی کے کوآرڈینیٹر کی گفتگو،مولانا یوسف کی جنگ بندی کی بات سچ ہے‘ طالبان سیز فائر پر رضامند ہیں‘ پروفیسر ابراہیم،ہمیں موقع دیا جائے جلد بریکنگ نیوز دیں گے‘ رکن طالبان مذاکراتی کمیٹی کی گفتگو

اتوار 16 فروری 2014 08:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16فروری۔2014ء)طالبان کی مذاکراتی کمیٹی کے کوآرڈینیٹر مولانا محمد یوسف شاہ نے کہا ہے کہ قوم کو دو روز میں طالبان سے مذاکرات سے متعلق خوشخبری ملے گی ۔امید ہے آج اتوار کو دونوں جانب سے فائربندی کا اعلان ہو جائے گا ۔12 سال کے گند کو صاف کرنے میں کچھ وقت لگے گا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت اور طالبان کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے مثبت نتائج مل رہے ہیں۔

مذاکرات ہو رہے ہیں باقاعدہ جنگ بندی نہیں ہوئی۔امید ہے آج دونوں جانب سے جنگ بندی کا اعلان ہو جائے گا۔باقاعدہ جنگ بندی کے بعد امن منافی کارروائیاں ختم ہو جائیں گیا ور امن بریک تھرو ہو جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ 12 سال کے گندکو صاف کرنے کے لئے وقت لگے گا۔

(جاری ہے)

امن کی خاطر تکلیف اور تنقید دونوں برداشت کررہے ہیں ۔آگ بجھانے کی کوشش کررہے ہیں ۔

اللہ کرے اس میں کامیاب ہو جائیں ۔مولانا یوسف کا کہنا تھا کہ ایک بار فائر بندی ہو جائے تمام معاملات طے کر لیں گے ۔قوم کو مذاکرات سے متعلق دو روز میں اہم خوشخبری ملے گی ۔مذہبی جماعتوں میں اختلافات ختم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔مولانا سمیع الحق کا علماء اجلاس بلانے کا مقصد طالبان کے ساتھ ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کرنا تھا ۔مولانا عبد العزیز کے اختلافات کے حوالے سے مولانا کا کہنا تھا کہ ان کی مخالفت کا مجھے علم نہیں ہے اور نہ مجھے ہے کہ وہ لاہور میں م وجود ہیں یا نہیں ۔

پوری قوم امن کی بحالی کے لئے دونوں کمیٹیوں کا ساتھ دے۔ادھررکن طالبان مذاکراتی کمیٹی پروفیسر ابراہیم نے بھی مولانا محمد یوسف کی جنگ بندی کی بات کی تصدیق کردی ہے‘ انہوں نے کہا ہے کہ طالبان سیز فائر پر رضامند ہیں‘ موقع دیا جائے جلد بریکنگ نیوز دیں گے۔ ہفتہ کو لاہور میں مولانا سمیع الحق کی زیر صدارت آل پاکستان علماء و مشائخ کے اجلاس سے قبل نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رکن طالبان مذاکراتی کمیٹی پروفیسر ابراہیم نے کہا ہے کہ مولانا محمد یوسف کی (آج) اتوار تک دونوں جانب سے جنگ بندی کی بات سچ ہے‘ کوشش ہے کہ طالبان سے دستور تسلیم کرالیں ہمارا دستور بھی شریعت کے نفاذ کی بات کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت مشکل اور نازک مرحلے سے گزر رہا ہے۔ امن کے راستے پر کام کررہے ہیں۔ کراچی حملے سے مذاکرات میں حائل رکاو ٹ کو دور کرنے کی کوشش کریں گے۔ امید ہے کہ چند روز میں دونوں جانب سے جنگ بندی ہوجائے گی۔ طالبان جنگ بندی پر رضامند اور ہم مذاکراتی عمل سے مطمئن ہیں۔ ہمیں موقع دیا جائے‘ قوم کو جلد بریکنگ نیوز دیں گے۔