ملائشیا میں قید پاکستانیوں کی رہائی کاسلسلہ شروع، دو سو کی رہائی آ ئندہ ہفتے ہو گی، پاکستانی کمیونٹی کے چندے اور پاکستانی ہائی کمیشن کے محدود فنڈ سے غیرقانونی پاکستانیوں کے جرمانے ادا کر دیئے گئے

اتوار 16 فروری 2014 08:06

کوالالمپور/اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16فروری۔2014ء) ملیشیاء میں قید پاکستانیوں کی رہائی کاسلسلہ شروع کر دیا گیا ، پہلے مرحلے میں دو سوپاکستانیوں کی رہائی ہو گی ، جبکہ چند مراحل میں تمام پاکستانیوں کو رہا کروایا جائے گا،پاکستانی کمیونٹی کے مطابق پاکستانیوں کی رہائی کا سہرا پاکستانی ہائی کمیشن کوالالمپور کے فرسٹ سیکرٹری مراد علی خان وزیر کے سرجاتا ہے۔

پاکستانی کمیونٹی کے صدر فیضان خان نے اپنے ایک بیان میں پاکستانی ہائی کمیشن کوالالمپور کے فرسٹ سیکرٹری مراد علی خان وزیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ سفارت کار کی کاوششوں سے پاکستانیوں کی رہائی کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے ، جبکہ اگلے ہفتے تک دو سو پاکستانیوں کی رہائی ممکن ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے جمع کیئے جانے والے چندے اور ملیشیاء میں قائم پاکستانی ہائی کمیشن کے محدود فنڈ سے پاکستانیوں پر عائد جرمانے ادا کر دیئے گئے ہیں اور ایک ہفتے تک دو سو تک غیر قانونی تارکین وطن پاکستانیوں کو رہا کروا دیا جائے گا۔

اُنہوں نے کہا کہ اس چندے سے اُن پاکستانیوں کی مدد کی جارہی ہے جن کے پاس واپسی کے ٹکٹ اور جرمانہ ادا کرنے کی رقم نہیں ۔ اور پاکستانی ہائی کمیشن کی توسط سے قیدیوں کی پاکستان میں اُن کے گھر والوں تک رسائی کے لئے روزانہ کی بنیاد پر پیغامات کا سلسلہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ پاکستانی کمیونٹی کے صدر فیضان خان نے وزیر اعظم پاکستان اور وفاقی وزیرخارجہ سے اپیل کی ہے کہ وہ گزشتہ دو ماہ سے خالی ملیشیاء میں پاکستانی ہائی کمشنر کے عہدے پرتقرری و تعیناتی کا حکم صادر فرمائیں تا کہ ہائی کمیشن میں زیر التواء دیگر کیسوں کو جلد اَز جلد نمٹایا جا سکے۔اور پاکستانیوں کے مسائل میں کمی واقع ہو۔