وزیراعظم سے عرفان صدیقی کی ملاقات، طالبان کمیٹی سے مذاکرات پر بریفنگ،وزیراعظم کا مذاکرات کے دوران حملوں پر شدید تشویش کا اظہار،ملاقات میں وزیرداخلہ بھی موجود تھے جنہوں نے کراچی آپریشن پر بریف کیا،ذرائع

پیر 17 فروری 2014 08:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17فروری۔2014ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے حکومتی کمیٹی کے کوآرڈینیٹر عرفان صدیقی نے ملاقات کی اور انہیں طالبان کمیٹی سے مذاکرات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ عرفان صدیقی نے وزیراعظم کو بتایا کہ فائر بندی کیلئے طالبان کے جواب کے منتظر ہیں‘ طالبان کمیٹی نے وقت مانگا ہے ‘ طالبان آپس مین مشاورت کرکے ہمیں جواب دیں گے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان بھی موجود تھے۔ انہوں نے بھی وزیر اعظم کو ملک کی سکیورٹی کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ وزیر داخلہ نے کراچی میں جاری آپریشن سے متعلق بھی تفصیلات سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔وزیراعظم نے مذاکرات کے ماحول میں طالبان کی طرف سے مختلف حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق انہوں نے اس حوالہ سے عرفان صدیقی سے بات کی جنہوں نے طالبان کمیٹی کے ارکان سے اس ضمن میں ہونیوالی بات چیت کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ طالبان کمیٹی کے ارکان نے بھی ان حملوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے جن میں قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کمیٹی نے یقین دلایا ہے کہ وہ طالبان کو تیار کرے گی کہ وہ کسی قسم کے حملوں سے گریز کریں اور فوری جنگ بندی کا اعلان کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق عرفان صدیقی نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اس حوالہ سے جلد اہم پیشرفت ہوگی۔