پاکستان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات سے ہمارا کوئی تعلق نہیں:رچرڈ اولسن،طالبان اور پاکستان حکومت کے درمیان مذاکرات پرہم کوئی تبصرہ نہیں کر سکتے ہیں،حکومت اور طالبان مذاکرات پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے،ڈرون پر باراک اوبامہ نے پالیسی واضح کردی ہے،پاکستان میں قیام امن کے لیے امریکہ ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے:میڈیا سے گفتگو

بدھ 19 فروری 2014 03:31

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19فروری۔2014ء)امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے کہا ہے کہ پاکستان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات سے ہمارا کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی ہم اس پر کوئی تبصرہ کر سکتے ہیں حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے پاکستان میں قیام امن کے لیے امریکہ پاکستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے ڈرون حملوں کے متعلق امریکی صدر باراک اوبامہ نے اپنی واضح پالیسی پیش کی ہوئی ہے جس پر اب کوئی بات اور تبصرہ نہیں کر سکتے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد شہر کے لیے پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے منصوبے کی افتتاحی تقریب اور صحافیوں سے گفتگو کر تے ہوئے کیا،منصوبے پر 36ملین امریکی ڈالر خرچ ہونگے اور یہ منصوبہ 2015تک مکمل ہوجائے گا اس موقع پرامریکی قونصل جنرل مائیکل ڈاڈمین ،یو ایس ایڈ پاکستان کے سربراہ گریک گاٹلیب ،صوبائی وزیر میر ہزار خان بجارانی ،صوبائی وزیر ممتاز خان جکھرانی ،کمشنر لاڑکانہ سعید احمد ،ایڈیشنل چیف سیکریٹری محمد وسیم ،ڈی سی جیکب آباد سردار علی جمالی ،ایس ایس پی فاروق جمالی ایم پی اے سردار مقیم خان کھوسو اور دیگر بھی موجود تھے،امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ اس منصوبے سے شہر کے 3لاکھ لوگوں کو صاف اورمیٹھا پانی فراہم ہوگا امریکہ سندھ حکومت سے مل کر پانی کے نظام کو بہتر کرنے کے لیے مصروف ہے انہوں نے کہاکہ جیکب آباد میں شروع کیا گیا منصوبہ سندھ میونسپل سروسز پروگرام کاحصہ ہے جس پر مکمل لاگت66ملین ڈالر ہے یہ منصوبہ شہر کے ناکارہ بنے ہوئے واٹر پلانٹ کی دوبارہ بحالی کے ساتھ شہریوں کو پینے کا صاف اور میٹھا پانی اور صفائی کی سہولیات مہیا کرے گا، انہوں نے کہا کہ پانی اورصفائی کے انفرااسٹرکچر کو بہتر بنانے کے ساتھ یہ منصوبہ میونسپل سروسز کے انتظام نادرن سندھ اربن ڈولپمنٹ کارپوریشن کے حوالے کیا جائے گااس کارپوریشن کی باڈی کا قیام ایشائی ترقیاتی بینک کے مالی تعاون سے ممکن ہوسکتا ہے،جیکب آباد کے ایک روزہ دورے کے دوران امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے امریکی حکام کے ہمراہ جیکب آباد شہر میں امریکی تعاون سے زیر تعمیر جیکب آباد انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس کا دورہ کر کے جاری کام کا معائنہ کیا مذکورہ انسٹیٹیوٹ کا سنگ بنیاد گزشتہ سال 2013میں امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے کیا تھا ، جیکب آباد انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس کو جدید سہولیا ت سے آراستہ کرنے کے لیے کام جاری ہے یہ اسپتال 133بستروں پر مشتمل ہوگی جس میں 12لاکھ لوگوں کو صحت کی سہولیات فراہم کی جاسکیں گی اس اسپتال میں او پی ڈی ،جدید لیبارٹری ،ایمر جنسی شعبہ ،ماں اوربچے کی صحت کے لیے خاص شعبہ،میٹرنٹی ہوم ،آپریشن تھیٹر ،دل کی بیماریوں کا وارڈ ،گردوں کی بیماری کی سہولیات کے ساتھ انتہائی نگہداشت کا شعبہ اور میڈیکل وارڈ کا شعبہ بھی شامل ہوگا۔