صدر مملکت ممنون حسین کی چینی وزیراعظم لی چیانگ سے ملاقات ، دوطرفہ تعلقات ، اسٹرٹیجک پلان سمیت علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال،پاک چین سمندر سے گہری اور ہمالیہ سے اونچی دوستی کو مزید وسعت دینے سمیت اقتصادی راہداری ،تمام باہمی منصوبوں اور سمجھوتوں پر جلد از جلد عملدرآمد کرنے پر اتفاق ،پاکستان او ر چین کے درمیان صدا بہار دوستی ، سٹرٹیجک مفادات ، باہمی اعتماد کی بنیاد پر قائم ہے ،خطے میں قیام امن ، ترقی اور عوام کی خوشحالی دونوں ممالک کا مشترکہ ایجنڈا ہے ، چینی سرمایہ کار توانائی اور زراعت کے شعبے میں سرمایہ کاری کریں ہر ممکن تحفظ فراہم کرینگے ، صدر ممنون حسین ،پاکستان خطے کا ایک اہم ملک ہے، خطے کی ترقی میں اس کا ہمیشہ سے اہم کردار رہا، چینی عوام اور حکومت پاکستان کے ساتھ قابل اعتبار دوستی پر ہمیشہ سے ہی فخر محسوس کرتے ہیں ، چینی حکومت پاکستان کو درپیش تمام مشکلات سے نکالنے کے لیے اس کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا، چینی وزیراعظم

جمعہ 21 فروری 2014 07:39

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21فروری۔2014ء)صدر مملکت ممنون حسین کی چینی وزیراعظم لی چیانگ سے ملاقات ، دوطرفہ تعلقات ، اسٹرٹیجک پلان سمیت علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات میں پاکستان اور چین سے سمندر سے گہری اور ہمالیہ سے اونچی اپنی دوست کو مزید وسعت دینے پر اتفاق ہوئے اقتصادی راہداری سمیت تمام باہمی منصوبوں اور سمجھوتوں پر جلد از جلد عملدرآمد کرکے خطے میں ترقی کا نیا دور شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا ۔

اس موقع پر صدر ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان صدا بہار دوستی ، سٹرٹیجک مفادات اور باہمی اعتماد کی بنیاد پر قائم ہے جو کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہوتی جارہی ہے ۔ خطے میں قیام امن ، ترقی اور عوام کی خوشحالی دونوں ممالک کا مشترکہ ایجنڈا ہے اور اس حوالے سے دونوں ملک اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ توانائی ، زراعت کے شعبوں میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں چینی سرمایہ کار کھلے دل کے ساتھ ان شعبوں میں اپنا سرمایہ لگائیں حکومت پاکستان ان کو تحفظ اور ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی ۔ صدر نے کہا کہ پاکستان میں جاری ان تمام منصوبوں پر سکیورٹی کے خصوصی اقدامات اٹھائے گئے ہیں جہاں چینی باشندے کام کررہے ہیں ۔

صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان ” ون چائنا “ پالیسی کی مکمل حمایت کرتا ہے اور دہشتگردی ، انتہا پسندی اور علیحدگی پسندی کیخلاف اٹھائے جانے والے تمام اقدامات پر چین کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے گا ۔ صدر مملکت نے مزید کہا کہ پاکستان کو چین کے ساتھ اپنی دوستی پر ناز ہے حکومت پاکستان تمام پاک چین باہمی سمجھوتوں پر جلد عملدرآمد کی خواہاں ہے ۔

صدر نے کہا کہ اکنامک کوریڈور منصوبے سے نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے میں ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوگا ۔ اس موقع پر چینی وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اس خطے کا ایک اہم ملک ہے اور خطے کی ترقی میں اس کا ہمیشہ سے اہم کردار رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چینی عوام اور حکومت پاکستان کے ساتھ قابل اعتبار دوستی پر ہمیشہ سے ہی فخر محسوس کرتے ہیں اور یہ دوستی وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہوتی جارہی ہے ۔ چینی حکومت پاکستان کو درپیش تمام مشکلات سے نکالنے کے لیے اس کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا اور امن وامان اورمعاشی صورتحال کی بہتری کیلئے معاونت جاری رکھیں گے ۔