پاکستان نیپال کے راستے مجاہدین بھیج رہا ہے ، بھارت کا الزام ، دہشتگردی کا ڈھانچہ ختم ، ممبئی حملوں کے ملزما ن کو سزا دینے تک وزیراعظم من موہن سنگھ کا دورہ پاکستان ممکن نہیں ، بھارتی وزارت داخلہ

بدھ 5 مارچ 2014 08:04

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5مارچ۔ 2014ء)بھارت نے وزیراعظم من موہن سنگھ کے دورہ پاکستان کے امکانات کو خارج ازامکان قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان نیپال کے راستے مجاہدین بھیج رہاہے ۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ وزیراعظم من موہن سنگھ اپنی جائے پیدائش دیکھنے کے لیے بے تاب اور دورہ پاکستان کے خواہشمند ہیں تاہم جب تک پاکستان ممبئی حملوں کے ملزمان کو کیفر کردار تک نہیں پہنچاتا اور دہشتگردی کا ڈھانچہ ختم نہیں کرتا تب تک یہ دورہ ممکن نہیں ۔

وزارت داخلہ کے ایک سینئر عہدیدار نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان نیپال کی سرزمین بھارت مخالف سرگرمیوں کیلئے استعمال کررہا ہے بڑی تعداد میں مجاہدین کو نیپال کے راستے بھارتی حدود میں دھکیلنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ وزیراعظم دورہ میانمر کے موقع پر دوست ممالک سے یہ معاملہ اٹھائیں گے اور حکومت نیپال سے کہیں گے کہ وہ اپنی سرزمین بھارت مخالف سرگرمیوں کیلئے استعمال نہ ہونے دے ۔