فوج، حکومت کے درمیان اختلافات کا تاثر دینے والے خود دہشتگردوں سے خوفزدہ ہیں،پرویز رشید ،ماضی میں پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کی تربیت پر کوئی توجہ نہیں دی گئی ، انہیں تربیت دینے کیلئے کچھ وقت چاہیے، ہم ڈرنے والے نہیں ملک میں امن اور استحکام قائم کرنا کا تہیہ کررکھا ہے مگر متعلقہ اداروں کی تربیت کیلئے کچھ وقت دینا ہوگا ، وزیر اطلاعات

بدھ 5 مارچ 2014 08:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5مارچ۔ 2014ء) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ فوج اور حکومت کے درمیان اختلافات کا تاثر دینے والے لوگ خود دہشتگردوں سے خوفزدہ ہیں ، ہم ڈرنے والے نہیں ، ماضی میں پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کی تربیت پر کوئی توجہ نہیں دی گئی ، انہیں تربیت دینے کیلئے کچھ وقت چاہیے ، یہ حالات ہمیں ورثے میں ملے ہیں ، مسلم لیگ (ن) بلدیاتی انتخابات کے راہ میں رکاوٹ نہیں بلکہ ہم نے تو تاریخیں بھی دی تھیں ۔

منگل کو سپریم کورٹ بلڈنگ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بم ڈسپوزل سکواڈ کے پاس سامان تک نہیں تھا حتی کہ وہ الیکٹریشن کے ہلمٹ پہن کر بم ضائع کرنے جاتے رہے ہیں ہم نے ان کیلئے ضروری سازوسامان سے لیس 50گاڑیوں کا سمجھوتہ کیا ہے جن میں سے 5پہنچ گئی ہیں اور باقی دو تین ماہ میں مل جائینگی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماضی میں آمر حکمران اپنے مفادات کیلئے بلدیاتی انتخابات کراتے رہے ہیں ان کا عوام سے کوئی تعلق نہیں تھا ۔

پولیس کو دہشتگردوں سے نمٹنے کی تربیت نہیں دی گئی اس لئے اسلام آباد کا واقعہ پیش آیا لیکن پولیس والوں میں جذبہ موجود ہے حتی کے ایک پولیس اہلکار جو تھانے میں موجود تھا اور اسے اس واقعہ کی اطلاع ملی تو وہ بھاگتا ہوا آیا اور اپنی جان دے دی ۔ پولیس کو تربیت دینے کیلئے وقت چاہیے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فوج اور حکومت کے درمیان اختلافات کی باتیں کرنے والوں کا قصور نہیں یہ لوگ دہشتگردوں سے خوفزدہ ہیں مگر ہم نہیں بلکہ ہم معاملات بہتر کررہے ہیں ایک طرف اگر مذاکرات کئے جارہے ہیں تو دوسری طرف جہاں محسوس ہوا ہم نے کارروائی بھی کی ہے امن کیلئے سب کچھ کیا ہے اور کرتے رہیں گے ۔

ملک میں امن اور استحکام قائم کرنا کا تہیہ کررکھا ہے مگر متعلقہ اداروں کی تربیت کیلئے کچھ وقت دینا ہوگا ۔