کاروباری برداری کے تعاون سے ملکی معیشت بہتر ہورہی ہے ، اسحاق ڈار،تاجر برداری کے تعاون سے معیشت کے تمام بڑے اعشاریے ملکی معیشت میں بہتر ی کو ظاہر کرتے ہیں، حکومت برآمد کنندگان کی سہولت کیلئے اقدامات کرے گی ،تاجر برداری کے مسائل حل کریں گے، برآمدی ہدف کے حصول کیلئے تاجروں کے ساتھ مل کر کام کریں گے، حکومت بجلی و گیس کی فراہمی میں اضافہ کیلئے اقدامات کر رہی ہے، گوجرانوالہ چیمبرکے وفد سے ملاقات میں اظہار خیال

بدھ 5 مارچ 2014 08:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5مارچ۔ 2014ء)وزیرخزانہ اسحاق ڈارنے کہاہے کہ کاروباری برداری کے تعاون سے معیشت کے تمام بڑے اعشاریے یہ ظاہر کرتے ہیں کہ ملکی معیشت بہتر ہورہی ہے اور یہ درست سمت میں گامزن ہے،مسائل موجود ہیں ان کے خاتمے کیلئے بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے، ہم سب کو ٹیکس ادا کرنے ہوں گے تاکہ بجلی کی فراہمی میں اضافہ کیا جاسکے۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان کی قیادت میں گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔جس نے منگل کو وزارت خزانہ میں ملاقات کی۔ گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس کے صدر نعمان صلاح الدین نے چیمبر کی جانب سے وزیر خزانہ کو جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے پر مبارکباد دی جس سے ملکی برآمدات میں لمبے عرصے کیلئے اضافہ ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ کی چھوٹی و درمیانی صنعتیں بھی اس سے مستفید ہوں گی۔ وفد نے وفاقی وزیر خزانہ کو بتایا کہ گزشتہ آٹھ ماہ سے صنعتی شعبہ کو بجلی کی فراہمی میں نمایاں بہتری ہوئی ہے جس سے انہیں اپنی پیداوار بڑھانے میں مدد مل رہی ہے۔ وفد نے وفاقی وزیر کو تاجر برادری کو درپیش مسائل و مشکلات سے آگاہ کیا۔ صدر چیمبر نے کہا کہ تاجر برداری ٹیکس دینا چاہتی ہے انہوں نے ریٹرنز جمع کروانے کے نظام اور جی ایس ٹی کے ریفنڈ کی بہتری کی تجاویز دیں اور کہا کہ اس سے کاروباری برادری اپنی استعداد سے بھرپور فائدہ حاصل کرسکے گی۔

نعمان صلاح الدین نے وفاقی وزیر خزانہ سے گوجرانوالہ میں مستقل بنیادوں پر کمشنر اپیلز کی تعیناتی اور کاٹیج، سمال اینڈ پٹرولیم انٹر پرائزز کیلئے آئندہ بجٹ میں ریلیف کی درخواست بھی کی۔ وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ تاجر برداری کے تعاون سے معیشت کے تمام بڑے اعشاریے یہ ظاہر کرتے ہیں کہ ملکی معیشت بہتر ہورہی ہے اور یہ درست سمت میں چل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب بھی مسائل موجود ہیں اور ان کے خاتمے کیلئے بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم سب کو ٹیکس ادا کرنے ہوں گے تاکہ بجلی کی فراہمی میں اضافہ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسز اور ڈاکو منیٹیشن ساتھ ساتھ چلتی ہے اور حکومت برآمد کنندگان کی سہولت کیلئے اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی محصولات میں 17 فیصد کا اضافہ خوش آئندہ ہے۔

حکومت کی جانب سے انہوں نے کہا کہ ہم نے سرکاری اداروں کے اخراجات میں 30 فیصد کی کمی کی ہے۔وزیر اعظم اور وزارتوں کے خصوصی فنڈز ختم کر دیئے گئے ہیں۔ گوجرانوالہ میں مستقل کمشنر اپیلز تعینات کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم تاجر برداری کے مسائل ختم کریں گے جس سے برآمدات بڑھیں گی۔ برآمدی ہدف کے حصول کیلئے ہم تاجروں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی و گیس کی فراہمی میں اضافہ کیلئے بھی کام کر رہی ہے۔ وزیر تجارت نے گوجرانوالہ کی تاجر برداری کی تعریف کی جو چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم تاجروں کے حقیقی مسائل کے خاتمے کیلئے وزیر خزانہ کے مشکور ہیں۔ ملاقات کے موقع پرسیکرٹری خزانہ ڈاکٹروقارمسعود،وزیرخزانہ کے اقتصادی مشیررانااسدامین ،ایڈیشن سیکرٹری شاہدمحموداورگوجرانوالہ چیمبرکے اراکین موجودتھے۔

متعلقہ عنوان :