اسلام آباد ضلع کچہری پر دہشت گرد حملے میں بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کے ملوث ہونے کی اطلاعات ہیں ، تحقیقات جاری ہیں،وزیر اعظم ،ایک طرف تو مذاکرات جاری ہیں جب کہ دوسری طرف نئے نئے گروپ سامنے آرہے ہیں جو تشویشناک ہے، توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں چین کی سرمایہ کاری سے ملکی معیشت مزید مضبوط ہو گی،گوجرانوالہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ سے گفتگو

جمعرات 6 مارچ 2014 08:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6مارچ۔2014ء) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے سیکٹر ایف ایٹ کچہری میں دہشت گردی کے حملے میں بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کے ملوث ہونے کی بھی اطلاعات ہیں جس کی تحقیقات جاری ہیں، توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں چین کی سرمایہ کاری سے ملکی معیشت مزید مضبوط ہو گی ۔بدھ کے روز گوجرانوالہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ کے ایک گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے دوران ملک میں دہشت گردی کی نئی لہر اور نئے گروپوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف تو مذاکرات جاری ہیں جب کہ دوسری طرف نئے نئے گروپ سامنے آرہے ہیں جو تشویشناک ہے، اس پر وزیر اعظم نے کہا کہ ایسے گروپ جو روزانہ نئی واردات اور نئے ناموں کے ساتھ سامنے آرہے ہیں اس کی تحقیقات کے لئے سیکیورٹی ادارے اور خفیہ ایجنسیوں کو ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد کچہری حملے میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ملوث ہونے کی بھی اطلاعات سامنے آرہی ہیں جس کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔وزیراعظم سے ملاقات کے دوران رکن قومی اسمبلی نواب مظہر نے کہا کہ طالبان کو مارنے کے بجائے وہاں کارروائی کی جائے جہاں وہ پیدا ہوتے ہیں جس پر وزیراعظم نے ان سے پوچھا کہ طالبان کہاں پیداہوتے ہیں؟ اس کے جواب میں رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ یہ بات ایجنسیوں کو معلوم ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات آل پارٹیز کانفرنس کی روشنی میں کئے جارہے ہیں، امید ہے کہ مذاکرات کے اچھے نتائج برآمد ہوں گے، طالبان میں زیادہ لوگ مذاکرات کی حمایت کررہے ہیں۔اس موقع پر وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ ملک کی معاشی حالت میں گزشتہ سال کے مقابلے میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے معیشت کو واپس مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔

نواز شریف نے کہا کہ امداد دینے والے بین الاقوامی ملکوں کی جانب سے پاکستان کی معیشت پر اعتماد کا اظہار کرنے سے پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں چین کی سرمایہ کاری سے ہماری معیشت مزید مضبوط ہو گی۔دہشت گردی کے بارے میں وزیراعظم نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں کئے گئے فیصلے کے مطابق مذاکرات کا راستہ اختیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مذاکرات کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔وزیراعظم نے بتایا کہ نوجوانوں کیلئے قرضے کی سکیم کا کامیابی سے آغاز کیا گیا ہے۔ا نہوں نے کہا کہ اس کا وعدہ ہماری انتخابی مہم میں کیا گیا تھا اور ہم نے ثابت کیا کہ ہم اپنے وعدے پورے کرتے ہیں۔