آصف زرداری کا تھرپارکر کی صورتحال کا نوٹس ،سندھ حکومت میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ ، قائم علی شاہ کو فارغ کردیا جائے گا ، اویس مظفر ٹپی یا آغا سراج درانی میں سے کسی ایک کو نیا وزیر اعلی سندھ بنایا جاسکتا ہے ،ذرائع

جمعرات 13 مارچ 2014 08:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13مارچ۔ 2014ء)سابق صدر و شریک چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی آصف علی زرداری نے ضلع تھرپارکر میں قحط کی صورتحال کا نوٹس لے لیا اور اس ضمن میں سندھ حکومت میں بڑی اور اہم تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ سے استعفیٰ لیکر ان کی جگہ سابق صدر کے منہ بولے بھائی و سابق صوبائی وزیر اویس مظفر ٹپی یا سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی میں سے کسی ایک کو نیا وزیر اعلی سندھ بنائے جانے کا امکان ہے ۔

باوثوق ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے ضلع تھر پار کر کی صورتحال کا نوٹس لے لیا اور اس حوالے سے وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ کو دبئی طلب کر لیا ہے جہاں انہیں فوری طور پر استعفی دینے کا کہا جائے گا۔

(جاری ہے)

باخبر ذرائع کے مطابق اس ضمن میں آصف علی زرداری کے بلانے پر آغا سراج درانی بھی دبئی پہنچ چکے ہیں جہاں ان سے اس بارے مشاورت کی جارہی ہے۔

ذرائع کے مطابق سابق صدر اپنے منہ بولے بھائی اویس مظفر ٹپی کو یہ اہم ذمہ داری دینے بھی غور کر رہے ہیں اور قائم علی شاہ کے مستفی ہونے کے بعد انہیں بھی وزیر اعلی سندھ بنایا جاسکتا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اویس مظفر ٹپی کو وزیر اعلی بنائے جانے کی صورت میں آغا سراج درانی سپیکر سندھ اسمبلی کے عہدے پر ہی موجود رہیں تاہم آغا سراج درانی کو وزیر اعلی بنائے جانے کی صورت میں اسپیکر سندھ اسمبلی کی ذمہ داری قائم علی شاہ کو دیئے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلی بلاول بھٹو زرداری نے بھی تین روز قبل تھر پارکر کے دورے کے دوران صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد وزیر اعلی سندھ سے اس ضمن میں غفلت برتنے پر فوری طور پر رپورٹ طلب کی تھی اور ساری صورتحال سے سابق صدر و شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو بھی آگاہ کر دیا تھا جس کے بعد سابق صدر نے قائم علی شاہ کی تبدیلی کا فیصلہ کیا اور اس حوالے سے پارٹی قیادت و قریبی دوستوں سے مشاورت مکمل کر لی ہے۔

متعلقہ عنوان :