تھر متاثرین کو ریلیف کی فراہمی میں غفلت برتنے والوں کی نشاندہی او ر ان کا احتساب کرنے کیلئے 2کمیٹیاں قائم کر دی ہیں، قائم علی شاہ ، رپورٹ ملنے پر ذمہ داران کے خلاف قانونی کاروائی کی جائیگی، مٹھی میں پریس کانفرنس سے خطاب

جمعرات 13 مارچ 2014 08:23

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13مارچ۔ 2014ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ تھر کے قحط متاثرین کو ریلیف کی فراہمی میں غفلت برتنے والوں کی نشاندہی کرنے او ر ان کا احتساب کرنے کیلئے 2کمیٹیاں قائم کر دی ہیں اور ان کی رپورٹ ملنے پر ذمہ داران کے خلاف قانونی کاروائی کی جائیگی ۔یہ بات انہوں نے دربارہال مٹھی میں پریس کانفرنس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ تھر میں مستقبل میں قحط کی صورتحال میں تدارک کیلئے علاقے سے غربت کے خاتمے اور روزگار کی فراہمی کے منصوبے پر عمل کیا جائے گا ۔اب تک تھر کے قحط زدہ علاقوں میں48ہزار خاندانوں میں گندم کی بوریاں تقسیم کی جاچکی ہیں ۔وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ قحط متاثرین میں غذا ،ادویات او ردیگر ضروریات زندگی تقسیم کی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے انسان دوست تنظیموں اور افراد کا تھر کے متاثرین کی امداد کرنے پر شکریہ ادا کیا ۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے تھر کے قحط زدہ علاقوں کی بحالی کیلئے وزیراعظم پاکستان نوازشریف کی جانب سے ایک ارب روپے گرانٹ دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ متاثرین میں امداد کی تقسیم کے نظام کو شفاف بنانے کیلئے منتخب اراکین اسمبلی کی زیر ِنگرانی یہ عمل مکمل کیا جائیگا۔ریلیف اشیاء کی فوری تقسیم این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے حکومت سندھ کے ریلیف کوآرڈینیٹر اور این جی اوز کے زریعے ممکن بنائی جارہی ہے۔

قائم علی شاہ نے مزید کہا کہ قحط کے دوران جاں بحق ہونیوالے بچوں کے ورثاء کو اعلان کردہ معاوضہ جلد ادا کیا جائیگا اور ریلیف کے کاموں کی وہ ذاتی طور پر نگر انی کرینگے۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کے ریلیف کو آرڈینیٹر تاج حیدر ،صوبائی وزراء اصغر علی جونیجو،دوست محم راہموں، جام خان شورو،صوبائی و قومی اسمبلی کے اراکین اورمقامی عوامی نمائندے بھی موجود تھے۔

علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے میرپورخاص ڈویژن کے منتخب نمائندوں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ مل کر گندم کی تقسیم کا کام شفاف طور پر کر کے تھر کے متاثرین کو کھانے پینے کی اشیاء فوری مہیا کریں اس سلسلے میں کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی۔یہ بات انہوں نے دربارہا ل مٹھی میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر لائیو اسٹاک جام خان شورو،صوبائی وزیر بہبودآبادی سید علی مردان شاہ،صوبائی وزیر زکواة دوست محمد راہموں،صوبائی وزیر گیانچند ایسرانی ،ایم این اے فقیر شیر محمد بلالانی، ایم پی ایز مہیش ملانی، کھٹومل جیون بھی موجود تھے۔وزیر اعلیٰ سندھ نے مزیدکہا کہ وہ یہاں مٹھی میں کیمپ کر کے ریلیف کے کاموں کی نگرانی کررہے ہیں او ر جب تک گاوٴں گاوٴں میں لوگوں کو کھانے پینے کی اشیاء،ادویات ،جانوروں کیلئے چارہ وافر مقدار میں نہیں مل جاتا اس وقت تک وہ کیمپ میں رہیں گے ۔

متعلقہ عنوان :