دہشت گردی نے پیچید صورت اختیار کر لی ، احسن اقبال ، وزیراعظم کی کوشش ہے کہ اس پیچیدہ مسئلے کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے، وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ

اتوار 16 مارچ 2014 07:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16مارچ۔2014ء)وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے کہ چودہ سالوں میں دہشت گردی نے پیچیدہ مسئلے کی صورت اختیار کر لی ہے۔ وزیراعظم کی کوشش ہے کہ اس پیچیدہ مسئلے کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے تا کہ انسانی جانوں اور ملکی معیشت کا کم سے کم نقصان ہو جبکہ آپریشن تو آخری آپشن ہوا کرتی ہے۔ وزیراعظم کی ویژن کے مطابق پاکستان ڈویلپمنٹ فنڈ کے قیام سے ہمارے دوست سرمایہ داروں نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں جو مثبت پیشرفت کی اس کے نتیجے میں پاکستان کے روپے کی قدر میں اضافہ ہوا اور اکنامی میں ریکوری سے مثبت حل نکلا ۔

یہ بات انہوں نے گزشتہ روز پہلی بین الاقوامی بجالی معذوران سائنس کانفرنس کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 14 برسوں میں دہشت گردی کے مسئلے نے پیچیدہ صورت اختیار کر لی ہے اور ہم اس پیچیدہ مسئلے کو طالبان کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں تا کہ ملک کی معیشت اور انسانی جانوں کا کم سے کم نقصان ہو۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل اصطلاح میں سرجری سے قبل مریض کو دواؤں اور فزیو تھراپی کے ذریعے ٹھیک کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

اگر پھر بھی وہ صحت یاب نہ ہو تو آپریشن کرنا ضروری ہوتا ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ ہم بغیر آپریشن کے اس مسئلے کو حل کر لیں گے۔ جس سے ہمارے ملک کی معیشت کوبحال کرنے میں کافی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اکنامی کو درست کرنے کیلئے جو مثبت لائحہ عمل اختیار کیا گیا۔ اس کے عوض میں روپے کی قدر بڑھی جس سے سرمایہ کاروں میں اعتماد کی فضاء قائم ہوئی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈویلپمنٹ فنڈ کے قیام سے ملک میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہوئی اور فرینڈز آف پاکستان نے ہمارے ساتھ توانائی کے علاوہ دیگر فیلڈز میں بڑے معاہدے کئے ہیں۔ جن میں توانائی کے منصوبے پر چین کے ساتھ معاہدہ قابل ذکر ہے۔