عام انتخابات میں دھاندلی نہ ہوتی تو ملک میں تحریک انصاف کی حکومت ہوتی،عمران خان ،انتخابات میں پنکچر لگا لگا کر حکومت حاصل کی گئی ،آنیوالا دور تحریک انصاف کا ہے ،نوجوان پاکستان اور تحریک انصاف کا مستقبل ہیں، انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن پشاور کے کنونشن سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب

جمعہ 21 مارچ 2014 04:09

پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21مارچ۔2014ء)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں دھاندلی نہ ہوتی تو ملک میں تحریک انصاف کی حکومت ہوتی۔انتخابات میں پنکچر لگا لگا کر حکومت حاصل کی گئی ،آنیوالا دور تحریک انصاف کا ہے ،نوجوان پاکستان اور تحریک انصاف کا مستقبل ہیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے نشتر ہال میں منعقد انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن پشاور کے کنونشن سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر آئی ایس ایف کے صوبائی صدرسہیل آفریدی،مرکزی رہنما مینا خان آفریدی،حسین اخونزادہ ،ضلع پشاور کے صدر بلال آفریدی ،ایم این اے ساجد نواز خان،ایم پی ایز اشتیاق ارمڑ،فضل الہیٰ،عارف احمد زئی ،تحریک انصاف کے صوبائی جنرل سیکرٹری خالد مسعود سمیت طلباء کی بڑی تعداد ہال میں موجود تھی ۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلباء پاکستان اور تحریک انصاف کا مستقبل ہیں۔

انھوں نے کہا کہ جب تک انسان اپنی زندگی کی صحیح سمت متعین نہ کرلے وہ بڑا انسان نہیں بن سکتا۔بڑا انسان زیادہ پیسے والا نہیں بلکہ وہ ہوتا ہے جو اپنی ًمیں ً اور خوف سے باہر آ جائے۔انھوں نے کہا کہ بت پرستی کا صرف یہ مطلب نہیں کہ مورتی کی پوجا کی جائے بلکہ بت پرستی ہروہ چیز ہے جو انسانوں کو حق اور سچ کی راہ پر چلنے سے روکے۔بڑا انسان بننے کیلئے ضروری ہے کہ انسان اپنی میں اور خوف سے باہر نکلے۔

ان کا کہنا تھا کہ انسان انسانیت سے انسان بنتا ہے کسی اور چیز سے نہیں۔عمران خان نے کہا کہ عام انتخابات میں کھلے عام دھاندلی ہوئی ،عدلیہ اور میڈیا آزاد تھے لیکن الیکشن کمیشن آزاد اور خود مختار نہیں تھا۔انتخابات میں پنچر لگا لگاکر حکومت حاصل کی گئی ۔انھوں نے کہا کہ آئندہ دھاندلی نہیں ہونے دینگے،اگلا دور تحریک انصاف کا ہی ہو گا۔کنونشن کے موقع پر ہال طلباء سے کھچا کھچ بھرا رہا اور تل دھرنے کو جگہ نہ تھی۔اس دوران تحریک انصاف کے نغموں،ملی نغموں کے علاوہ گلوکاروں نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔طلباء نے اس موقع پرزبردست نعرے بازی بھی کی۔جب پارٹی چیئرمین عمران خان ویڈیو لنک پر نمودار ہوئے تو طلباء نے زبردست نعرے بازی کر کے ان کا استقبال کیا۔