مشرف کے عدالت میں حاضری کے ففٹی ففٹی امکانات ہیں،احمد رضا قصوری،خدشہ ہے کہ نواز شریف مدت پوری کئے بغیر جانے کی ہیٹرک نہ کرلیں ، میڈیا سے گفتگو

پیر 31 مارچ 2014 06:46

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔31مارچ۔ 2014ء ) سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل احمد رضا قصوری نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کی عدالت حاضری تاحال سوالیہ نشان ہے ان کی پیشی حکومت اور فوج کے تعلقات کا فیصلہ کرے گی ، ان کی پیشی ففٹی ففٹی امکانات ہیں ۔ فوج مقدمہ پر پریشان ہے اور سابق آرمی چیف کو غدار نہیں سمجھتی ،خدشہ ہے کہ نواز شریف مدت پوری کئے بغیر جانے کی ہیٹرک نہ کرلیں ۔

میڈیا سے گفتگو میں احمد رضا قصوری کا کہنا تھا کہ عدالت کوئی اللہ کی جانب سے نازل کردہ نہیں ججز کے رویئے کی فوٹیج بھی سامنے لانے کا مطالبہ کرینگے ۔ حکومت کو حکمت اور عقل سے کام لینا چاہیے بظاہر لگتا ہے کہ ملک میں ایک ہی شریف رہے گا نواز شریف یا راحیل شریف ، غداری کے مقدمے کی بیل منڈھے چڑھتی نظر نہیں آرہی ہے ۔

(جاری ہے)

ایف آئی اے کے ڈائریکٹر حسین اصغر کا نوٹ بھی عدالت کے پاس موجود ہے جس میں اس نے تینوں افواج کے چیف ، سروسز چیف ، چاروں گورنرز ، چیف سیکرٹریز پر بھی غداری کا مقدمہ چلانے کی تجویز دی ہے ۔

آرٹیکل 6 کی تلوار سے جمہوریت کا خون ہوجائے گا ۔ احمد رضا قصوری کا مزید کہنا تھا کہ وکلاء صفائی نے کوئی ایسی بات نہیں کی جس سے یہ ثابت ہوتا ہو کہ مشرف پیش نہیں ہونا چاہیے ۔ غداری کے مقدمے کی شکایت کنندہ وزارت داخلہ نے 27اداروں کی جانب یس رپورٹس کی روشنی میں خط لکھا ہے کہ مشرف کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں طالبان نے اے ایف آئی سی اور عدالت تک تمام راستوں پر جاسوسی کررکھی ہے اور سلمان تاثیر جیسا واقعہ ہوسکتا ہے ۔

متعلقہ عنوان :